دُبئی: گھریلو ملازمہ اپنے مالک کی فیملی کی خفیہ ویڈیوز بنا کر شیئر کرتی رہی

عدالت کی جانب سے اس شرمناک حرکت پر ملازمہ کو سخت سزا سُنا دی گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 27 نومبر 2020 17:36

دُبئی: گھریلو ملازمہ اپنے مالک کی فیملی کی خفیہ ویڈیوز بنا کر شیئر کرتی ..
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ،27 نومبر2020ء ) دُبئی کی عدالت نے ایک غیرملکی ملازمہ کو اپنے مالک کی فیملی کی ویڈیو ز بنانے اور انہیں دوسروں کے ساتھ شیئر کرنے پر چھ ماہ قید کی سزا سُنا دی ہے۔ 27 سالہ ملازمہ نے اپنی خطرناک سرگرمی پکڑے جانے پر مالک کو قتل کرنے کی دھمکی بھی دی تھی۔ عدالت میں مقدمے کی سماعت کے دوران استغاثہ نے بتایا کہ غیر ملکی ملازمہ کا تعلق افریقی ملک مڈغاسکر سے ہے۔

جو البرشا میں مقیم ایک اماراتی کے گھر کے کام کرتی تھی۔ مالکن نے بتایا کہ یہ ملازمہ ان کے ہاں پندرہ ماہ سے کام کر رہی تھی۔ میں نے اسے ایک فون بھی خرید کر دیا تھا۔ ایک روز جب میں نے اس سے فون کا پوچھا تو اس نے دکھانے سے انکار کر دیا۔ تاہم میں نے اس کے کپڑوں کی تلاشی لی تو وہاں سے یہ سمارٹ فون مل گیا۔

(جاری ہے)

میرے ہاتھوں میں فون دیکھ کر ملازمہ کچن سے چھُری اُٹھا لائی اور دھمکی دی کہ اگر میں نے اسے فون فوراً واپس نہ کیا تو وہ مجھے قتل کر ڈالے گی۔

اس کی اس بات نے میرا تجسس بڑھا دیا کہ ضرور کوئی گڑبڑ ہے۔ میں نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی جو گھر آ کر ملازمہ کو اپنے ساتھ لے گئی۔ تفتیش کے دوران پتا چلا کہ ملازمہ نے میرے جوان بچوں اور گھر کی بہت سی ویڈیوز ریکارڈ کر کے اپنے جاننے والوں کے ساتھ واٹس ایپ پر شیئرکی تھیں۔ حتیٰ کہ اس نے ہماری غیر موجودگی میں کسی اجنبی کو بھی گھر بُلا کر اس کے ساتھ تصویریں لی تھیں۔

خاتون نے پولیس تفتیش کے دوران اعتراف کر لیا کہ وہ اپنی مالکن کے بچوں کی خفیہ ویڈیوز بنا کر شیئر کرتی رہی ہے۔ اور اس نے اپنے ایک آشنا کو بھی گھرپر بُلایا تھا۔ عدالت نے ملازمہ پر اپنی مالکن کو قتل کی دھمکی دینے،اجنبی شخص کو گھر بُلا نے اور سمارٹ فونز کے ذریعے ویڈیوز بناکر سائبر کرائم کا مرتکب ہونے کی بناء پر چھ ماہ قید اورڈی پورٹ کیے جانے کی سزا سُنا دی ہے۔