اپوزیشن کی جانب سے کورونا وائرس جیسے اہم مسئلے پر ڈیڑھ اینٹ کی مسجد بنانا غیر منطقی اور افسوسناک ہے‘عثمان بزدار

اپوزیشن کے منفی کردار کو تاریخ میں اچھے الفاظ سے یاد نہیں رکھا جائیگا، اپوزیشن کھوکھلے نعرے لگا رہی ہے، عملی طور پر کچھ نہیں کیا وزیراعظم عمران خا ن نے ہمیشہ مشترکہ اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے، تحریک انصاف کی قیادت غریب عوام کا درد سمجھتی ہے

جمعہ 27 نومبر 2020 19:01

اپوزیشن کی جانب سے کورونا وائرس جیسے اہم مسئلے پر ڈیڑھ اینٹ کی مسجد ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 نومبر2020ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کسی ایک ملک کا مسئلہ نہیں بلکہ اقوام عالم کا مشترکہ چیلنج ہے۔ اہم قومی مسئلے پر بھی اپوزیشن سیاست کر رہی ہے اور افسوسناک امر ہے کہ اپوزیشن نے کورونا وباء پر پوائنٹ سکورنگ کی کوشش کی۔ اپوزیشن کی جانب سے کورونا وائرس جیسے اہم مسئلے پر ڈیڑھ اینٹ کی مسجد بنانا غیر منطقی اور افسوسناک ہے۔

(جاری ہے)

آزمائش کی اس گھڑی میں اپوزیشن کے منفی کردار کو تاریخ میں اچھے الفاظ سے یاد نہیں رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن صرف کھوکھلے نعرے لگا رہی ہے، عملی طور پر کچھ نہیں کیا۔ پاک دھرتی کی مٹی ہم سب سے یگانگت اور بھائی چارے کا تقاضا کر رہی ہے۔وزیراعظم عمران خا ن نے ہمیشہ مشترکہ اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ اپوزیشن نے مشکل گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑا ہونے کی بجائے انہیں تقسیم کرنے کی کوشش کی۔ اپوزیشن کا موجودہ حالات میں منفی کردار قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اہم قومی مسئلے پر اپوزیشن کی جانب سے سیاست ملک و قوم کے مفاد میں نہیں۔ تحریک انصاف کی قیادت غریب عوام کا درد سمجھتی ہے۔