Live Updates

فیصل آباد میں کورونا کی دوسری لہر بتدریج شدت اختیار کرنے لگی

ہفتہ نومبر 12:30

فیصل آباد میں کورونا کی دوسری لہر بتدریج شدت اختیار کرنے لگی
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 نومبر2020ء) کورونا وائرس کی عالمی وبا کی تازہ لہر کے نتیجہ میں فیصل آباد میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں ہر گزرتے روززبردست اضافہ ہونے لگاہے جبکہ ایک ہی روز میں کورونا کے1025 ٹیسٹوں کے دوران 27 افراد کے ٹیسٹ پازیٹو آگئے نیز ایک روز کے دوران کووڈ 19کے کل1025ٹیسٹوں میں سے998 افراد کے ٹیسٹ نیگیٹونکلے ہیں۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی فیصل آباد کے ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر آصف شہزاد نے ہفتہ کے روز اے پی پی کو بتایا کہ فیصل آباد کی سرکاری اور پرائیویٹ لیبارٹریز میں کورونا وائرس کے حوالے سے گزشتہ ایک روز کے دوران کل 1025ٹیسٹ کئے گئے جن میں 998افراد کے ٹیسٹ نیگیٹو اور27فراد کے ٹیسٹ پازیٹو آئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کورونا کے کسی بھی مشتبہ مریض کے بارے میں معلومات ملیں تو اسے گھر سے بلا کر سیمپل لیا جاتا ہے اور اگر مریض کا کورونا ٹیسٹ مثبت پایا جائے تو اسے کورونا کیلئے مخصوص ہسپتالوں میں بھیج دیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کورونا کی دوسرے لہر سے نمٹنے کیلئے ہم مکمل طور پر تیار ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد میں کورونا کے مریضوں کیلئے مخصوص کئے گئے دونوں ہسپتالوں میں کل 635 بیڈز مختص کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت الائیڈ ہسپتال فیصل آباد میں 550بیڈز کورونا کے مریضوں کیلئے مخصوص کئے گئے ہیں جبکہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں کورونا کے مریضوں کیلئے85 بیڈز مخصوص ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس وقت الائیڈ ہسپتال میں کورونا کے60مریض زیر علاج ہیں جن میں سے 35مثبت جبکہ 25مریض مشتبہ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اسی طرح ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں کورونا کے 27 مریض زیر علاج ہیں جن میں 5 کنفرم اور22 مشتبہ مریض شامل ہیں۔انہوں نے کورونا کے تیزی سے پھیلاؤ کے باعث شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بیحد احتیاط کا مظاہرہ کریں کیونکہ ان کی معمولی سی غفلت ان کیلئے بعد ازاں خدانخواستہ کسی بڑے نقصان کا باعث بھی بن سکتی ہے۔ انہوں نے بتا یا کہ مزید ایک مریض جاں بحق ہونے سے کرونا سے جان بحق افراد کی تعداد  224ہو چکی ہے۔
کرونا وائرس کی دوسری لہر سے متعلق تازہ ترین معلومات