متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے سابق ممبرعادل صدیقی کورونا کے باعث نجی اسپتال میں انتقال کر گئے

عادل صدیقی گزشتہ دو روز سے کراچی کے اسپتال میں زیر علاج تھے اور کرونا وائرس میں مبتلا تھے،ان کی عمر57برس تھی

پیر 30 نومبر 2020 12:47

متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے سابق ممبرعادل صدیقی کورونا کے باعث ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 نومبر2020ء) سابق صوبائی وزیرتجارت اورمتحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے سابق ممبرعادل صدیقی کورونا کے باعث نجی اسپتال میں انتقال کر گئے،عادل صدیقی گزشتہ دو روز سے کراچی کے اسپتال میں زیر علاج تھے اور کرونا وائرس میں مبتلا تھے،ان کی عمر57برس تھی۔تفصیلات کے مطابق سابق صوبائی وزیرتجارت ومتحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے سابق رکن عادل صدیقی کو طبیعت زیادہ خراب ہونے پر 22 نومبر کو ضیاء الدین اسپتال کے آئی سی یومیں داخل کرایا گیا تھا،جہاں ان کی حالت انتہائی تشویش ناک تھی۔

ترجمان نجی اسپتال کے مطابق عادل صدیقی کرونا وائرس کے مرض میں مبتلا ہوگئے تھے جبکہ وہ پھیپھڑوں کے عارضے میں بھی مبتلا تھے۔عادل صدیقی کی حالت انتہائی تشویش ناک تھی جس کی وجہ سے وہ کراچی کے نجی اسپتال میں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں وینٹی لیٹر پر تھے۔

(جاری ہے)

عادل صدیقی کووڈ میں مبتلا ہونے سے قبل کئی برس سے پھیپھڑوں اور دیگر عارضوں میں مبتلا تھے،مختلف بیماریوں کے باعث عادل صدیقی ملک اور بیرون ملک سفر میں ڈاکٹر اور آکسیجن سلینڈر ساتھ رکھتے تھے۔

عادل صدیقی رواں ماہ کے آغاز میں ہی طویل عرصے بعد وطن واپس آئے تھے۔عادل صدیقی 1963میں کراچی میں پیدا ہوئے اور جامعہ کراچی سے گریجویشن کیا وہ 2002سے 2007تک صوبائی وزیربھی رہے،عادل صدیقی 2008 کی صوبائی حکومت میں بھی صوبائی وزیر رہے جبکہ 2013سے 2018تک بھی حلقہ پی ایس 100ممبر صوبائی اسمبلی رہے،عادل صدیقی 2016سے دبئی میں خودساختہ جلاوطنی کاٹ رہے تھے اور چند روز قبل ہی وطن واپس آئے تھے۔ایم کیو ایم کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، عامر خان، فیصل سبزواری اور دیگر نے ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔