مکہ مکرمہ میں مقدس مقام سے نوجوان لڑکی کی لاش برآمد

پولیس کے مطابق سوٹ کیس سے ملنے والی لاش انڈونیشیائی لڑکی کی ہے، جو کافی عرصے سے لاپتہ تھی

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 30 نومبر 2020 12:36

مکہ مکرمہ میں مقدس مقام سے نوجوان لڑکی کی لاش برآمد
مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔30 نومبر2020ء) سعودی عرب میں ایک غیر ملکی لڑکی کی سوٹ کیس میں بند لاش نے خو ف و ہراس پھیلا دیا ہے۔ یہ واقعہ مکہ مکرمہ کے مقدس شہر میں سامنے آیا ہے۔ پولیس کے مطابق مشاعر مقدمہ سے ایک نامعلوم نوجوان لڑکی کی سوٹ کیس میں بند لاش برآمد ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق ایک شہری نے اطلاع دی تھی کہ ایک پارک میں ایک نامعلوم سوٹ کیس پڑا تھا ، جب اس نے اسے کھولا تو اس میں کسی نوجوان لڑکی لاش پڑی تھی۔

یہ منظر دیکھ کر وہ خوف زدہ ہو گیا ہے۔ پولیس نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایک تفتیشی ٹیم جائے وقوعہ پر فوری طور پر روانہ کر دی جس نے سوٹ کیس کو تحویل میں لے کر اسے مقامی ہسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس کی جانب سے تفتیش کی گئی تو پتا چلا کہ مرنے والی کا تعلق انڈونیشیا سے تھا جو مکہ مکرمہ میں ایک سعودی کے گھر پر گھریلو خادمہ کے طور پر ملازمت کرتی تھی۔

(جاری ہے)

تاہم یہ 24 سالہ لڑکی خاصے دنوں سے غائب تھی، جس کی سعودی کفیل نے پولیس کو اطلاع دے رکھی تھی۔ پولیس کے اس غیر ملکی خادمہ کی موت کی وجوہات کا تعین کیا جا رہا ہے جس کے بعد قتل کی اس وارادت میں ملوث افراد تک پہنچنے کے لیے فوری طور پر تفتیش شروع کر دی جائے گی۔ پولیس کو فی الحال پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار ہے، جس کے بعد ہی مزید حقائق سامنے آ سکیں گے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل دو سعودی بھائیوں نے کسی خاندانی تنازعے پر مشتعل ہو کر اپنی دو سگی بہنوں، چچا زاد بھائی اور چچی کو قتل کر دیا تھا۔ اس واردات کے ملزمان نے مشین گن کا استعمال کیا۔ واردات کے بعد ایک بھائی موقع پر ہی پکڑا گیا تاہم دوسرا بھائی فرار ہو گیا تھا، جس کا پولیس نے سراغ لگا کر اسے بھی گرفتار کر لیا۔ ملزمان نے اپنی اس خونی واردات کا اعتراف کر لیا ہے۔