نائجیریا میں کسانوں پر حملوں کے ذمہ داران کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے ، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ

پیر 30 نومبر 2020 13:57

نائجیریا  میں کسانوں پر حملوں کے  ذمہ داران کو   جلد انصاف کے کٹہرے میں ..
اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 نومبر2020ء) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے  نائجیریا کی شمال مشرقی ریاست برونو میں  مشتبہ بوکو حرام کے جنگجوئوں کے  کسانوںپر حملے کی مذمت کرتے ہوئے  امید ظاہر کی ہے کہ  ایسے  گھنائونے جرائم  کے  ذمہ داران کو   جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔  چینی خبر رساں ادارے کے مطابق   سیکرٹری جنرل کے ترجمان سٹیفن دوجارک نے جاری بیان میں کہا کہ   اقوام متحدہ کے  سربراہ نے برونو ریاست کے گائوں کوشوبی  میں گزشتہ روز کسانوں پر ہونے والے    مشتبہ عسکریت پسندوں کے حملے کی   شدید مذمت کی  ہے جس میں متعدد افراد ہلاک، زخمی اور  خواتین سمیت کئی افراد کو اغوا کر لیا گیا۔

    ترجمان نے  کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے نائیجیریا کے عوام اور   متاثرہ خاندانوں سے تعزیت، زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا ہے اور  نائجیریا حکام سے مطالبہ  کیا ہے کہ   مغویوں اور   لاپتہ افراد کی     محفوظ  اور فوری بازیابی   کے لیے بھرپور کوششیں بروئے کار لائی جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایسے گھنائونے جرام  کے ذمہ داران  کو بہت جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ ترجمان نے کہا کہ  سیکرٹری جنرل نے   یقین دہانی کرائی  ہے کہ اقوام متحدہ دہشت گردی اور پرتشدد انتہا پسندی کے خلاف جنگ اور  ملک کے شمال مشرقی علاقے میں انسانی ضروریات  کو پورا کرنے   کی کوششوں میں   نائجیریا حکومت   کی حمایت  جاری رکھے گا ۔