شارجہ میں بینک اکاؤنٹ فراڈ میں ملوث غیر ملکی گینگ پکڑا گیا

درجنوں افراد کو بینک کی کسٹمر سروس کا نمائندہ ظاہر کر کے لاکھوں درہم لوٹ چکا تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 1 دسمبر 2020 13:42

شارجہ میں بینک اکاؤنٹ فراڈ میں ملوث غیر ملکی گینگ پکڑا گیا
شارجہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔یکم دسمبر2020ء) شارجہ میں پولیس نے آن لائن فراڈ میں ملوث ایک گینگ کو گرفتار کیا گیا ہے، جس کے تمام ارکان کا تعلق ایشیائی ملک سے ہے۔ شارجہ پولیس کے مطابق ملزمان لوگوں کو فون کر کے خود کو کسی بینک کی کسٹمر سروسز کا نمائندہ ظاہر کرنے کے بعد انہیں جھوٹ موٹ کا خبردار کرتے کہ ان کے اکاؤنٹ کی تفصیلات اپ ڈیٹ نہیں ہیں۔

اگر انہوں نے فوری طور پر یہ تفصیلات اپ ڈیٹ نہ کروائیں تو ان کا اکاؤنٹ معطل ہو جائے گا اور وہ اس میں سے رقم بھی نہیں نکلوا سکیں گے۔ بہت سے سادہ لوح افراد ان کے جھانسے میں آ کر نجی تفصیلات ظاہر کر دیتے تے تو یہ گینگ ان کے اکاؤنٹ سے بھاری رقوم نکلوا لیتا۔ پولیس کے مطابق یہ فراڈیا گینگ سات ارکان پر مشتمل ہے۔ ملزمان کی گرفتاری اس وقت عمل میں آئی جب ایک خاتون نے شکایت درج کروائی کہ اسے کسی نے فون کر کے ظاہر کیا تھا کہ وہ بینک کسٹمر کا نمائندہ ہے، اس کے اکاؤنٹ کی تفصیلات پرانی ہے، جنہیں اپ ڈیٹ نہ کروانے پر اکاؤنٹ بند ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

خاتون نے ان کی باتوں پر یقین کر لیا تاہم بعد میں اسے پتا چلا کہ اس کے اکاؤنٹ سے 32 ہزار درہم غائب ہو چکے ہیں۔ خاتون کی جانب سے شکایت درج کروانے کے بعد صرف 12 گھنٹوں اندر پولیس نے تمام ملزمان کو ان کے ٹھکانوں پر چھاپے مار کر گرفتار کر لیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ کیس سی آئی ڈی اہلکاروں کے حوالے کیا گیا جن کا پہلے بھی اس طرح کے کیسز حل کرنے کا تجربہ تھا۔ اس ماہر ٹیم نے صرف چند گھنٹوں کے اندر جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے تمام ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزما ن نے اعتراف کیا کہ وہ گرفتاری سے بچنے کی خاطر بہت ہوشیاری سے کام لیتے تھے۔ جس سم سے کسی کو ایک بار دھوکا دہی کا شکار بنا لیا، اس سم کو پھینک دیتے تھے، تاکہ ان کا سراغ لگانا مشکل ہو جائے۔ 

متعلقہ عنوان :