آئی جی پنجاب نے ٹریفک قوانین اور ماحولیاتی تحفظ بارے آگاہی کیلئے فن پاروں کی نمائش کا افتتاح کیا

ًمقابلہ مصوری میں جیتنے والے طلبا و طالبات میں تعریفی اسناد اور انعامات بھی تقسیم کئے شہریوں کی آگاہی کیلئے اہم موضوعات کا احاطہ کرتی یہ نمائش سٹی ٹریفک پولیس کی بہترین کاوش ہی: آئی جی پنجاب

منگل 1 دسمبر 2020 21:20

آئی جی پنجاب نے ٹریفک قوانین اور ماحولیاتی تحفظ بارے آگاہی کیلئے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 دسمبر2020ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی نے کہا ہے کہ ٹریفک قوانین کی پاسداری اور ماحولیاتی آلودگی کے بارے شہریوںکو آگاہی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ماحولیاتی آلودگی اور ٹریفک قوانین کے بارے پینٹنگ نمائش کا انعقاد ایک احسن اقدام ہے جس کی بدولت خوبصورت رنگوں کے پیرائے میں انتہائی اہم پیغامات دیکھنے والوں کے شعور میں پہنچ جاتے ہیں جس سے ٹریفک حادثات اور ماحولیاتی آلودگی میں کمی کیلئے جاری کاوشوں کومزید تقویت ملے گی۔

انہوںنے مزیدکہا کہ لاہور پولیس ٹریفک مینجمنٹ کو بہتر سے بہتر بنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کے موثرا ستعمال کے ساتھ ایجوکیشنل مہم پر خاص توجہ دے رہی ہے اور الحمرا آرٹ گیلری میں سجائی گئی نمائش اسی تعمیری سوچ اور حقیقت کی عکاس ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزیدکہا کہ نمائش میں آویزاں کئے گئے دلکش فن پارے ایک منفرداور تخلیقی سوچ کے مثبت پیغام کو اجاگر کرتے ہیںجس سے نہ صرف نوجوان طلباو طالبات کو اپنے ٹیلنٹ کے اظہار کیلئے مناسب پلیٹ فارم میسر آیا ہے بلکہ ساتھ ہی خوبصورت رنگ و ڈیزائن کے حامل یہ فن پارے شہریوں کی آگاہی کا ذریعہ بنے ہیں ۔

آئی جی پنجاب نے فن پاروں کوسراہتے ہوئے مزیدکہاکہ اگرچہ کوروناکے باعث تعلیمی ادارے بند ہیں تاہم طلباو طالبات کی بھرپور شرکت ٹریفک پولیس لاہور کی بہترین کاوشوں اور موثرترغیب کا نتیجہ ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے الحمرا آرٹ گیلری میں روڈ سیفٹی اور ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے سجائی گئی تین روزہ نمائش کے افتتاح کے بعد میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ٹریفک قوانین پر عمل درآمد اور ماحولیاتی تحفظ کے عنوان سے ہونے والی نمائش میں 67طلبہ و طالبات نے حصہ لیا جن میں سے نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والوں کو آئی جی پنجاب نے تعریفی اسناد اور انعامات بھی دئیے ۔ سی ٹی او لاہور سید حماد عابد نے تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ تمام نوجوان فنکاروں نے انتہائی اہم موضوعات کو اپنے فن پاروں کی زینت بنا کر شاندار کام کیا ہے جبکہ سٹی ٹریفک پولیس ٹریفک قوانین کی آگاہی کے سلسلہ میں ایسے پروگرامز اور تقاریب کا انعقادجاری رکھے گی کیونکہ ٹریفک قوانین کی پاسداری اور ماحولیاتی تحفظ کیلئے ایسی نمائشیں عوامی شعور میں بہتری کا باعث بنتی ہیں۔

نمائش میں سی سی پی او لاہور عمر شیخ ، ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب عمران محبوب اورایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹ کونسل ثمن رائے سمیت دیگر افسران و شخصیات بھی موجود تھیں