حکومت کی جانب سے ساڑھے 3 ہزار ارب روپے سے زائد کے نئے قرضے لینے کی تیاریاں

پرانے قرضے واپس کرنے اور دوسرے اخراجات کے لیے اگلے تین ماہ کے دوران بینکنگ سیکٹر سے 37 کھرب روپے سے زائد قرضے لینے کا شیڈول تیار

muhammad ali محمد علی بدھ 2 دسمبر 2020 23:52

حکومت کی جانب سے ساڑھے 3 ہزار ارب روپے سے زائد کے نئے قرضے لینے کی تیاریاں
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 دسمبر2020ء) حکومت کی جانب سے ساڑھے 3 ہزار ارب روپے سے زائد کے نئے قرضے لینے کی تیاریاں، پرانے قرضے واپس کرنے اور دوسرے اخراجات کے لیے اگلے تین ماہ کے دوران بینکنگ سیکٹر سے 37 کھرب روپے سے زائد قرضے لینے کا شیڈول تیار ۔ تفصیلات کے مطابق اپنے سالانہ اخراجات کیلئے مطلوبہ آمدن حاصل کرنے میں ناکام رہنے والی وفاقی حکومت نے مزید قرضہ حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت نے پرانے قرضوں کی واپسی اور دیگر اخراجات کیلئے 37 کھرب 35 ارب روپے کے نئے قرضے لینے کا ٹارگٹ رکھا ہے۔ یہ قرضہ اگلے 3 ماہ کے دوران حاصل کیا جائے گا۔ حاصل کیے جانے والے قرض کا زیادہ تر حصہ گزشتہ قرضوں کی واپسی میں استعمال ہوگا۔

(جاری ہے)

دسمبر سے فروری کے اختتام تک حکومت نے مجموعی طور پر 34 کھرب 50 ارب روپے کے اندرونی قرضے واپس کرنے ہیں۔

جبکہ اندرونی قرضوں کی واپسی کے بعد بچنے والے 285 ارب روپے دیگر اخراجات کیلئے استعمال ہوں گے۔ حکومت ٹریژری بلز کی نیلامی سے 28 کھرب روپے جبکہ پاکستان انوسٹمنٹ بانڈز کی فروخت سے مجموعی طور پر 935 ارب روپے حاصل کرے گی۔ یہاں واضح رہے کہ حکومت کے ذمے واجب الادا قرضوں کا حجم پہلے ہی 40 ہزار ارب روپے سے تجاوز کر چکا ہے۔