Live Updates

وزیراطلاعات سے فلم پروڈیوسر ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات ، مسائل سے آگاہ کیا

فلمی صنعت کی ترقی و بحالی پاکستان تحریک انصاف حکومت کی ترجیح ہے،سینیٹر شبلی فراز فلمسازی کے مراحل میں شامل سکرپٹ رائٹرز‘ موسیقاروں سمیت تمام ہنر مندوں کو انکے کام کا مناسب معاوضہ ملنا چاہیے، وزیر اطلاعا ت

جمعرات 3 دسمبر 2020 19:42

وزیراطلاعات سے فلم پروڈیوسر ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات ، مسائل سے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2020ء) وفاقی وزیر اطلاعات سنیٹر شبلی فرازسے پاکستان فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی جس میں وفد نے وزیر اطلاعات کو فلمی صنعت کو درپیش مسائل سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔پی ایف پی اے نے کہاکہ فلم سازی کو بہتر بنانا چاہتے ہیں اس ضمن میں حکومت کا تعاون درکار ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ فلمی صنعت کی ترقی و بحالی پاکستان تحریک انصاف حکومت کی ترجیح ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہاکہ دیگر اداروں کی طرح اس شعبے کو بھی نئے دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونا ہو گا۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہاکہ جو ادارے خود کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نہیں کرتے وہ اہمیت کھو دیتے ہیں‘ وزیر اطلاعات نے کہاکہ فلمی صنعت کے فروغ کے لئے ساز گار ماحول کی فراہمی کے لئے پرعزم ہیں ،وزارت اطلاعات کے شعبہ فلم کو مزید فعال اور موثر بنا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کا ویژن ہے کہ فلموں کے ذریعہ اپنی ثقافت اور اقدار کو اجاگر کیا جائے،فلمیں صرف تفریج نہیں بلکہ معاشرتی اصلاح اور تربیت کا باعث بنتی ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ ہمیں فلموں کے ذریعے اپنے قومی ورثے اور ثقافت کے تحفظ کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت تشخص روشناس کرانا ہے اس ضمن میں حکومت فلمی صنعت کو ہر ممکن سہولیات دینے کے لئے تیار ہے۔

انہوںنے کہاکہ آئندہ نسلوں کواپنی تاریخ اور مشاہیر سے متعارف کرانا ہے۔ انہوںنے کہاکہ فلمسازی کے مراحل میں شامل سکرپٹ رائٹرز‘ موسیقاروں سمیت تمام ہنر مندوں کو انکے کام کا مناسب معاوضہ ملنا چاہیے۔فلمی صنعت سے وابستہ مسائل کے حل کے لئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائیں گے۔ انہوںنے کہاکہ ایران او رترکی کے ساتھ فلم کے شعبے میں تعاون پر بات کرینگے۔چیئرمین پاکستان فلم پروڈیوسر ایسوسی ایشن میاں امجد فرزندکی سربراہی میں ملاقات کرنے والے وفد میں چوہدری اعجاز کامران‘ عالیہ رشید‘ راؤ شہزاد‘ رانا نعیم بھی شامل تھے۔ملاقات میں ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد اور وزارت کے دیگر حکام بھی موجود تھے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات