حفیظ سینٹر ڈیڑھ ماہ کی بندش کے بعد دوبارہ کھول دیا گیا

حفیظ سنٹر کی بیسمنٹ، گراؤنڈ اور فرسٹ فلور پر کاروبار بحال، دوسرے، تیسرے اور چوتھے فلور کی بحالی کے لیے مزید 4 ماہ کا عرصہ درکار

Shehryar Abbasi شہریار عباسی جمعرات 3 دسمبر 2020 20:24

حفیظ سینٹر ڈیڑھ ماہ کی بندش کے بعد دوبارہ کھول دیا گیا
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 دسمبر2020ء) لاہور کی سب سے بڑا الیکٹرانک پلازہ حفیظ سینٹر ڈیڑھ ماہ کی بندش کے بعد دوبارہ کھول دیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ڈیڑھ ماہ قبل آتشزدگی کے باعث حفیظ سنٹر کو بند کردیا گیا تھا۔ اب حفیظ سنٹر کی بیسمنٹ ، گراؤنڈ اور فرسٹ فلور کو کاروبار کے لیے کھول دیا گیا ہے ۔ جبکہ انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ آتشزدگی سے شدید متاثر ہونے والے دوسرے، تیسرے اور چوتھے فلور کی مرمت اور بحالی میں تقریباََ 4 ماہ کا عرصہ درکار ہے ۔

حفیظ سنٹر کی دکانیں کھلنے پر تاجروں کا کہنا تھا کہ اللہ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ ہمارا روزگار بحال ہوا، اللہ جلد سب کا روزگار بحال کرے اور پلازے کی رونقیں بحال ہوں ۔ واضح رہے کہ ڈیڑھ ماہ قبل صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقے گلبر گ میں واقع حفیظ سنٹر پلازے میں خوفناک آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا جس سے اربوں روپے کا سامان جل کر خاکستر ہو گیا۔

(جاری ہے)

ابتدائی تحقیقات کے مطابق آگ دوسرے فلور پر شارٹ سرکٹ سے لگی جس نے اوپر کے دو فلورز کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ، دکانوں میں موبائل فونز، لیپ ٹاپ ، کمپیوٹر ، بیٹریز ، کمپریسرز ، جنریٹرز اور ڈیزل موجود ہونے کی وجہ سے آگ نے شدت اختیار کی ،آتشزدگی کے دوران وقفے وقفے سے دھماکے بھی ہوتے رہے ، آتشزدگی کی اطلاع ملنے پر تاجر او ران کے عزیز و اقارب جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور تاجر اپنا کاروبار جلتا ہو ا دیکھ کر دھاڑیں مار مار کر روتے رہے۔

سول ڈیفنس نے انسپیکشن رپورٹ مرتب کر لی رپورٹ کے مطابق پلازے میں آگ بھجانے کے آلات ناکارہ تھے۔ریت کی بالٹیوں میں ریت موجود نہ تھی جب کہ واٹر ٹینک میں پانی موجود نہ تھا۔رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پلازے میں غیر قانونی طور پر لکڑی سے پارٹیشن کے باعث زیادہ نقصان ہوا۔اوپن وائرنگ کی تاریں بوسیدہ ہونے کے باعث بروقت آگ پر قابو نہ پایا جا سکا۔ رپورٹ میں یہ بھی انکشاف کیا گیا کہ ریسکیو کو واقعے کی اطلاع 3 گھنٹے کی تاخیر سے دی گئی تھی۔