لگڑری برانڈ ’’گوچی‘‘کا کورونا ویکسین کی دنیا میں ترسیل کیلئے فنڈز کا اعلان

ہفتہ 5 دسمبر 2020 15:13

لگڑری برانڈ ’’گوچی‘‘کا کورونا ویکسین کی دنیا میں ترسیل کیلئے فنڈز ..
نیو یارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2020ء) شہرہ آفاق اٹالین لگژری برانڈ ’’گوچی‘‘ نے دنیا کے غریب افراد و ممالک میں کورونا ویکسین کی ترسیل اور دیگر سہولیات فراہم کرنے کیلئے کم از کم 5 لاکھ امریکی ڈالرز کی امداد کا اعلان کردیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق گوچی نے تصدیق کی کہ وہ یونائیٹڈ نیشنز چلڈرنز فنڈ (یونیسیف) کو 5 لاکھ امریکی ڈالر یعنی پاکستانی 8 کروڑ روپے سے زائد کی رقم عطیہ کرے گا۔

گوچی مذکورہ رقم کے علاوہ یونیسیف کو ایک لاکھ ڈالر کی امداد دینے سمیت اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر یونیسیف سمیت کورونا کی ویکسین کی ترسیل کیلئے بنائے گئے اداروں کو رقم عطیہ کرنے کی مہم بھی چلائے گا۔گوچی اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر 26 دسمبر تک کورونا کی ویکسین کی ترسیل کیلئے لوگوں کو فنڈز عطیہ کرنے کی اپیل کرتا رہے گا۔

(جاری ہے)

گوچی' کی مذکورہ رقم دنیا کے غریب اور زیادہ متاثر ہونے والے کورونا افراد تک ویکسین سمیت دیگر آلات کی ترسیل کو یقینی بنانے پر خرچ کی جائے گی۔

غریب ممالک کے افراد تک کورونا کی ویکسین کی ترسیل کو یقینی بنانے کے لیے پہلی ہی (گاوی) نامی ایک تنظیم بنائی گئی ہے، جو اقوام متحدہ اور اس کے ذیلی اداروں عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)، یونیسیف، عالمی بینک، بل اینڈ ملنڈا گیٹس سمیت دیگر عالمی تنظیموں کے اشتراک سے بنائی گئی ہے۔گاوی نامی تنظیم اپنے ’کو ویکس‘ منصوبے کے تحت دنیا کے غریب ممالک میں کورونا کی ویکسین کی ترسیل کو یقینی بنائے گی۔

گاوی تنظیم اس وقت دنیا بھر کی ملٹی نیشنل کمپنیوں، ٹیکنالوجی، فیشن، اسپورٹس و دیگر طرح کے برانڈز و کمپنیوں سے فنڈز اکٹھے کرنے میں مصروف ہے اور گوچی' نے بھی مذکورہ مہم کے تحت ہی یونیسیف کو فنڈز فراہم کرنے کا اعلان کیا۔یونیسیف، عالمی ادارہ صحت اور دیگر ادارے ملنے والے فنڈز کو گاوی کو فراہم کریں گے جو کہ ’کو ویکس‘ منصوبے کے تحت کورونا ویکسین کی غریب ممالک تک ترسیل کو یقینی بنائے گی۔