ن لیگ کے ایک اور ایم این اے مستعفی ، اظہر قیوم ناہرا نے استعفیٰ اسپیکر کو بھیج دیا

لیگی ایم این اے 2018ء کے الیکشن میں این اے 84 سے مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے

Sajid Ali ساجد علی منگل 8 دسمبر 2020 18:31

ن  لیگ کے ایک اور ایم این اے مستعفی ، اظہر قیوم ناہرا نے استعفیٰ اسپیکر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 دسمبر2020ء) این اے 84 سے مسلم لیگ ن کے ممبرقومی اسمبلی اظہرقیوم ناہرا مستعفی ہوگئے ، استعفیٰ اسپیکر قومی اسمبلی کو بھجوادیا۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے ایم این ایز کی طرف سے استعفوں کا سلسلہ جاری ہے اور این اے 84 سے منتخب ہونے والے رکن قومی اسمبلی اظہر قیوم ناہرا نے بھی استعفیٰ دے دیا ہے ، نوشہرہ ورکاں سے تعلق رکھنے والے ایم این اے نے اپنا استفعیٰ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو بھجوا دیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ لیگی ایم این اے 2018ء کے انتخابات میں مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ اسے پہلے پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی ملک محمد افضل کھوکھر نے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق رکن قومی اسمبلی ملک محمد افضل کھوکھر نے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا ، اپنے بیان میں لیگی رکن قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ حالات کے پیش نظر حلقہ این اے 136 سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتا ہوں،مجھے اپنی پارٹی پر مکمل اعتماد ہےاپنی پارٹی کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہوں ، پارٹی کے قیادت کے فیصلوں کا مکمل طور پر پابند ہوں ، حکومت اور مسلط شدہ وزیراعظم کو گھر جانا ہو گا۔

(جاری ہے)

قبل ازیں حلقہ این اے 90 سے رکن قومی اسمبلی چودھری حامد حمید کی جانب سے پہلا تحریری استعفیٰ بھی سامنے آیا تھا ، حامد حمید نے اپنا استعفیٰ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے نام لکھا اور کہا کہ گزارش ہے کہ میرے تاحیات قائد میاں محمد نواز شریف اور میاں محمد شہباز شریف کی ہدایت پر اور اس ملک و قوم کے بہترین مستقبل کے لیے یہ اب انتیائی ناگزیر ہو چکا ہے کہ اس نااہل اور نالائق وزیراعظم کو اب گھر جانا چاہئیے کیوں کہ یہ اب اس ملک و قوم پر بوجھ بن گئی ہے ، ان حالات کے پیش نظر میں اپنی قومی اسمبلی کی سیٹ حلقہ نمبر این اے 90 سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتا ہوں ، میرا مرنا جینا پاکستان مسلم لیگ ن ہے اور میں اپنی قیادت کے ہر فیصلے کا پابند رہوں گا۔