تلہ گنگ ،ڈھوک مصاحب آباد میں چوری کی متعدد وارداتیں

متاثرین لاکھوں روپے سے محروم،پولیس، اعلی حکام سے نوٹس ، تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ

بدھ 16 دسمبر 2020 22:16

تلہ گنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 دسمبر2020ء) تلہ گنگ میں چوروں نے ایک ہی رات میں دس گھروں کولوٹ لیا ،لاکھوں روپے کے زیورات ،جوتے ،کپڑے اور ضروریات زندگی کی کئی چیزیں لیکرفرار ہوگئے، اہل علاقہ میں خوف وہراس پھیل گیا، پولیس اوراعلی حکام سے نوٹس لینے کی اپیل کردی۔ تفصیلات کے مطابقگزشتہ رات تحصیل تلہ گنگ کے گائوں ڈھوک مصاحب تھانہ ٹمن کی حدود میں چوروں نے ایک ہی رات میں دس گھروںکولوٹ لیا۔

چورگھروں سے لاکھوں روپے کے زیورات ،جوتے ،کپڑے اور ضروریات زندگی کی کئی چیزوں ساتھ لے گئے۔چوری کی وارداتیں زیادہ تر ایک ہی برادری سے تعلق رکھنے والوں کے گھروں میں ہوئی جن میں غلام حسین میال ، محمد ادریس میال ،محمد افتخار میال ،استاد نور عالم میال ، انجینئر نورمحمد ، ڈاکٹر بشیر،صغیر مسرال ، محرم نواز میال، غلام مصطفی مونڈ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

چوری کی واردات کے بعد اہل علاقہ میں خوف وہراس پھیل گیااوروہ خود کو غیر محفوظ تصورکرنے لگے ہیں۔ اہل علاقہ کاکہنا ہے کہ یہ پہلی دفعہ نہیں ہوا اس گائوں میں کئی دفعہ پہلے بھی یہ وارداتیں ہوئی ہیں ،گائوں کے لوگوں نے اپنے طور پر کھوجی کتے بھی منگوائے لیکن چوروں پرقابو نہیں پایا جاسکا۔ اہل علاقہ نے پولیس اور اعلی حکام سے نوٹس لینے اور تحفظ فراہم کرنے کامطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ غریب لوگوں کا بہت نقصان ہواہے ان کی داد رسی کی جائے اور آئندہ ایسی وارداتوںکوروکنے کیلئے موثر اقدامات اٹھائے جائیں۔