کراچی : بیٹے نے ماں اور ملازم کو قتل کرکے خود کشی کرلی

ہفتہ 2 جنوری 2021 00:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جنوری2021ء) سپرہائی وے کے علاقے میں بیٹے نے اپنی والدہ اور ملازم کو گولیاں مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا، بعد ازاں فائرنگ کرکے خود کشی کرلی، ملزم کا ذہنی توازن درست نہیں تھا۔سپرہائی وے پر قائم نجی ہائوسنگ سوسائٹی میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں3افراد ہلاک ہوگئے، پولیس نے جائے وقوعہ سے تینوں نعشیں تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کیلئے اسپتال منتقل کردیں۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق بحریہ ٹائون بلاک 8 میں شمال نامی شخص نے اپنی والدہ اور ملازم کو گولیاں مار کر ہلاک کیا اور واردات کے بعد ملزم نے اسی اسلحہ سے گولی مار کر خودکشی کر لی۔پولیس کے مطابق فائرنگ کے اس واقعے میں 45 سالہ سلمہ زوجہ شوکت حسین، گھریلو ملازم 24 سالہ فاروق کھوسہ اور واردات میں ملوث شمائل ہلاک ہوگئے ہیں۔واقعہ بحریہ ٹاون نمبر 8 میں واقع چوتھی منزل کے ایک فلیٹ میں پیش آیا، پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق ہلاک ہونے والے شمائل نفسیاتی مریض تھا۔ایک اطلاع کے مطابق ملزم نے اپنی والدہ کو گھر میں غمال بنا رکھا تھا تاہم سرکاری طور پر اس کی تصدیق نہیں ہوسکی۔ جائے وقوعہ سے اسلحہ برآمد کرکے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔