پاکستان میں عالمی معیار کا یورو 5 ڈیزل متعارف کروا دیا گیا

پی ایس او کی جانب سے یکم جنوری سے یورو 5 ڈیزل کی فراہمی شروع کر دی گئی، یورو 5 پٹرول گزشتہ برس اگست میں ملک میں متعارف کروا دیا گیا تھا

muhammad ali محمد علی ہفتہ 2 جنوری 2021 22:22

پاکستان میں عالمی معیار کا یورو 5 ڈیزل متعارف کروا دیا گیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 02 جنوری 2021ء) پاکستان میں عالمی معیار کا یورو 5 ڈیزل متعارف کروا دیا گیا، پی ایس او کی جانب سے یکم جنوری سے یورو 5 ڈیزل کی فراہمی شروع کر دی گئی، یورو 5 پٹرول گزشتہ برس اگست میں ملک میں متعارف کروا دیا گیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں پہلی مرتبہ عالمی معیار کے ماحول دوست یورو 5 ڈیزل کو متعارف کروایا گیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ ابتدائی مرحلے میں کراچی میں یورو 5 ڈیزل دستیاب ہوگا۔ پی ایس او پاکستان میں یورو 5 ڈیزل متعارف کرانے والی پہلی آئل مارکیٹنگ کمپنی ہے۔ جبکہ بتایا گیا ہے کہ اعلیٰ معیار ہونے کی وجہ سے یورو 5 ڈیزل کی قیمت بھی زیادہ ہو گی۔ مزید بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ برس جون میں پاکستان میں عالمی معیار کے یورو 5 پٹرول اور ڈیزل کو متعارف کروانے کی اجازت دے دی تھی۔

(جاری ہے)

بعد ازاں اگست 2020 سے ملک میں یورو 5 پٹرول کی فروخت شروع کر دی گئی۔ جبکہ اب یکم جنوری 2021 سے ملک میں یورو 5 ڈیزل بھی متعارف کروایا دیا گیا ہے۔ یورو 5 فیول کے استعمال سے ملک میں فضائی آلودگی ختم ہو گی۔ ان مصنوعات میں سلفر کی کم مقدار کی وجہ سے فضائی آلودگی کم کرنے میں مدد ملے گی۔ بتایا گیا ہے کی اس وقت ملک میں 70 فیصد پٹرول اور 40 فیصد ڈیزل درآمد ہو رہا ہے۔ پاکستان دنیا کا پہلا ملک ہے جہاں پٹرول اور ڈیزل یورو 2 سے یورو 5 پرمنتقل ہوگیا۔