ریونیو خدمات کے حوالے موبائل سروس ضلع بھر کے 24مقامات پر جاکر کسانوں و زمینداروں کو سہولت فراہم کر رہی ہے،جام بشیر احمد

جمعہ 8 جنوری 2021 15:09

رحیم یار خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جنوری2021ء) اسسٹنٹ ڈائریکٹر لینڈ ریکارڈ جام بشیر احمد نے کوٹسمابہ محال کے علاقہ گانگا نگر موضع محمد پور گانگا کے وزٹ کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ریونیو خدمات کے حوالے موبائل سروس ضلع بھر کے 24مقامات پر جاکر کسانوں و زمینداروں سہولت فراہم کر رہی ہےجس کا باقاعدہ شیڈول بھی مشتہر کیا گیا ہے۔

گھر کے قریب تر عوام کو فرد اجرا، انتقالات وغیرہ کی خدمات پہنچائی جا رہی ہیں۔سروس پوائنٹس کی تحصیل وائز تفصیل بتاتے ہوئے اے ڈی ایل آر جام بشیر احمد نے کہا کہ تحصیل صادق آباد کے آٹھ مقامات میں ٹلو گوٹھ، احمد پور لمہ شہباز، پور، کوٹ سبزل ولہار،بھونگ، ماچھکہ، محمد پور شامل ہیں جبکہ تحصیل رحیم یار خان میں کوٹسمابہ آبادی، کوٹسمابہ محال، بندور، ترنڈا سوائے خان، پلو شاہ، راجن پور کلاں، رکن پور، تحصیل خان پور کے علاقے بھٹہ شیخاں، گڑھی اختیار خان، باغو بہار، تحصیل لیاقت پور میں شیدانی شریف، اللہ آباد، پکالاڑاں، سدھو والی اور ترکڑی کے مقامات پر موبائل ریونیو سروس کی خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان کسان اتحاد ضلع رحیم یار خان کے ڈسٹرکٹ آرگنائزر جام ایم ڈی گانگا نے ریونیو موبائل سروس کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت کا احسن اقدام ہے۔ عوام کو اس سروس سے ریلیف اور آسانی میسر آئی ہے۔ضرورت اس امر کی ھے کہ ریونیو موبائل سروس کے ساتھ موٹر وے پولیس کی طرح فائن کولیکشن کرنے والی سہولت دی طرح سرکاری فیسز وصول کرنے کی سہولت کی فراہمی کا بھی بندوبست کیا جائے تاکہ کسانوں اور عوام کو فیسیں جمع کروانے کے لیے پھر شہروں میں جاکر اور بنکوں کی لائینوں میں نہ لگنا پڑے۔

پاکستان کسان اتحاد ضلع بھر کے مختلف مقامات پر ریونیو موبائل سروس ٹیم کو فیسیلیٹیٹ و اکاموڈیٹ کرنے میں اپنا سماجی فلاحی کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے تاکہ اسے عوام کے لیے اشتراک عمل کے ذریعے زیادہ سے زیادہ بہتر بنایا جا سکے۔ چک نمبر 78این پی کے نمبردار مقدس علی نے کہا کہ مختلف قانگوئیوں میں مختلف مقامات پر موبائل سروس کی فراہمی موجودہ حکومت کا اچھا فیصلہ ہے۔ اس سے عوام مستفید ہو رہے ہیں۔ گانگا نگر میں پاکستان کسان اتحاد نے زمینداروں کے بیٹھنے کے لیے بھی اچھا اور باعزت انتظام کیا ہے۔