سانحہ مچھ، شہداء کے ورثاء کے تمام مطالبات منظور کرلیے گئے

حکومت اور مظاہرین کے درمیان مذاکرات کامیاب، کوئٹہ مظاہرین شہداء کی تدفین کرنے کے لیے راضی ہوگئے

Shehryar Abbasi شہریار عباسی ہفتہ 9 جنوری 2021 00:45

سانحہ مچھ، شہداء کے ورثاء کے تمام مطالبات منظور کرلیے گئے
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 08 جنوری 2021ء) حکومت نے مچھ میں کان کنوں کے قتل کے واقعے کیخلاف احتجاجی متاثرین کے تمام مطالبات منظور کرلیے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق حکومت اور کوئٹہ مظاہرین میں مذاکرات کامیاب ہو چکے ہیں جس کے بعد جبکہ لواحقین نے میتوں کی تدفین کی اجازت دے دی ہے۔ شہداء ایکشن کمیٹی کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ حکومت نے ان کے تمام مطالبات تسلیم کرلیے ہیں جس کے بعد شہداء ایکشن کمیٹی اور لواحقین نے تمام شہداء کی میتوں کی تدفین کا فیصلہ کیا ہے۔

شہداء ایکشن کمیٹی کے رکن کی جانب سے وزیراعلیٰ بلوچستان اور وفاقی وزیر علی زیدی کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ، وزیر اعلیٰ اور وفاقی وزراء کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ہماری بات مانی۔

(جاری ہے)

ہمارے تمام مطالبات مان لیے گئے ہیں ۔ حکومتی مذاکراتی ٹیم کے رکن وفاقی وزیر بحری امور سید علی زیدی نے کہا کہ آج تک حکومتوں نے وعدے کئے، تحریری معاہدہ کسی نے نہیں کیا، ہم نے شہداء ایکشن کمیٹی کے تمام مطالبات تسلیم کر لیے ہیں۔

ذمہ داران افسران کو ہٹا دیا گیا ہے۔ مچھ واقعے پر جے آئی ٹی تشکیل دی جائے گی اس کے ساتھ ہی ہائی لیول کمیشن تشکیل دیا گیا ہے، وزیر داخلہ بلوچستان ،2اراکین بلوچستان اسمبلی ،2سینئر افسران کمیشن کا حصہ ہوں گے، جبکہ ڈی آئی جی رینک کا پولیس آفیسر کمیشن کا حصہ ہو گا۔ کمیشن ہر ماہ ملاقات کرے گا اور کارکردگی کا جائزہ لے گا۔ وفاقی اور صوبائی ادارے بلوچستان کے سیکیورٹی پلان کا ازسر نو جائزہ لیں گے۔

ہزارہ برادری کے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کا مسئلہ حل کرنے کے لیے کمیٹی قائم کی جائے گی۔ شہدا کے وارثا کو بلوچستان حکومت نوکری فراہم کرے گی۔ جبکہ اس موقع پر وفاقی وزیر بحری امور سید علی زیدی نے کہا کہ وزارت بحری امور شہدا کے بچوں کی تعلیم کا خرچ ادا کرے گی اور یہ اعلان میں اپنی وزارت کی طرف سے کررہا ہوں۔ واضح رہے کہ قریبی رفقاء نے عمران خان کو کوئٹہ جانے پر مجبور کردیا ہے، وزیراعظم عمران خان کسی بھی وقت کوئٹہ روانہ ہو سکتے ہیں۔ نجی ٹی وی چینل کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے مذاکراتی ٹیم کو لواحقین اور مظاہرین کو قائل کرنے کی ہدایت کردی ہے، وزیراعظم نے ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ جلد از جلد مظاہرین کو آمادہ کریں کہ وہ میتوں کی تدفین کر دیں۔