پتھر دل شخص ہے جو مظلوموں کو بلیک میلرز کہتا ہے، سابق وزیر اعظم نوازشریف

اس شخص کے سینے میں یقیناً دل نہیں، سانحہ مچھ کے مناظر دل والوں کے جگر چھلنی اور نیند حرام کردیتے ہیں۔ قائد مسلم لیگ ن کا ٹویٹ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 10 جنوری 2021 22:45

پتھر دل شخص ہے جو مظلوموں کو بلیک میلرز کہتا ہے، سابق وزیر اعظم نوازشریف
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 جنوری 2021ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم میاں نوازشریف نے کہا ہے کہ پتھر دل شخص ہے جو مظلوموں کو بلیک میلرز کہتا ہے، اس شخص کے سینے میں یقیناً دل نہیں، سانحہ مچھ کے مناظر دل والوں کے جگر چھلنی اور نیند حرام کردیتے ہیں۔ انہوں نے ٹویٹر پر سانحہ مچھ کی ایک غمزدہ خاتون کی ویڈیو شیئر کی جس میں آہ وزاری اور رنج وغم کے عالم میں وزیراعظم عمران خان کو پکار رہی ہے کہ عمران خان پلیز ایک بار آؤ ، ان شہیدوں کے گلے دیکھو کہ ان کو کتنی بے دردی کے ساتھ قتل کیا گیا ہے، اس کے ساتھ ہی خاتون بے ہوش ہوکر گر جاتی ہے۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ جگر چھلنی کر دینے والے یہ مناظر، اپنے سینے میں دل رکھنے والے ہر انسان کی نیند حرام کر دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

اُس شخص کے سینے میں یقیناً دل نہیں، کوئی پتھر ہے جو ان مظلوموں کو “بلیک میلرز” کہتا ہے۔ 

 اسی طرح پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کا ذہنی معائنہ کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران صاحب سات دن بعد کوئٹہ گئے، نہ شرمندگی، نہ ندامت اور نہ معافی؟ اللہ تعالی آپ کی ذہنی حالت پر رحم فرمائے۔ اس جہالت اور تکبر پر استغفر اللہ ہی کہا جاسکتا ہے۔ عمران صاحب کو ذہنی علاج کی فوری ضرورت ہے، انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ان کا فوری معائنہ کرایا جائے۔ اس ذہنی کیفیت، تکبر اور انداز گفتگو پر اناللہ واناالیہ راجعون ہی پڑھا جاسکتا ہے۔ آپ کے کوئٹہ جانے کا مقصد شہداء کے لواحقین کے زخموں پر مرہم رکھنا تھا، وہاں این آر او کی نوٹنکی کرنے کی کیا ضرورت تھی؟ عمران اپنے خلاف لگنے والے نعروں کو سنیں اور آواز خلق کو نقارہ خدا سمجھ کر عاقبت سنوارنے کی راہ لیں۔