25 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کے کیس میں سلمان شہباز کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

عدالت نے سلمان شہباز کو 19جنوری تک گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دے دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 15 جنوری 2021 15:41

25 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کے کیس میں سلمان شہباز کے ناقابل ضمانت وارنٹ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15 جنوری 2021ء) : 25 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کے الزام میں مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کے صاحبزادے سلمان شہباز کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں 25 ارب کی منی لانڈرنگ کیس میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے صاحبزادے سلمان شہباز کے وارنٹ جاری کرنے سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی ۔

عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں سلمان شہباز کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کرتے ہوئے 19جنوری تک گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ وارنٹ گرفتاری جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت سے جاری کیے گئے۔ یاد رہے کہ ایف آئی اے اینٹی کرپشن سیل لاہور نے عدالت سے شہباز شریف کے صاحبزادے سلمان شہباز کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی درخواست کی تھی۔

(جاری ہے)

درخواست میں کہا گیا تھا کہ 2008ء سے 2018ء کے دوران 25 ارب روپےکی مشکوک ٹرانزیکشنزکی گئی تھیں ، بے نامی اکاؤنٹ کے ذریعے منی لانڈرنگ کی گئی ، بے نامی اکاؤنٹ کے پیچھے سلمان شہبازکا کردار ہے۔

درخواست کے متن میں کہا گیا تھا کہ سلمان شہباز27اکتوبر2018ء کو لاہورایئرپورٹ سے برطانیہ چلے گئےتھے، متعد د مرتبہ طلبی کےنوٹس جاری کیے لیکن سلمان شہباز پیش نہیں ہوئے جبکہ سلمان شہباز اور ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج ہوچکا ہے۔ یاد رہے کہ منی لانڈرنگ کیس میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو ضمانت مسترد ہونے پر لاہور ہائی کورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا۔

نیب لاہور کے مطابق شہباز شریف کے خلاف اسٹیٹ بینک کے فنانشل مانیٹرنگ یونٹ کی جانب سے شکایت موصول ہونے پر انکوائری کا آغاز کیا جبکہ شہباز شریف اور ان کے صاحبزادوں نے سال 2008ء سے 2018ء تک 9 کاروباری یونٹس قائم کیے۔ 1990ء میں شہباز شریف کے اثاثوں کی مالیت 21 لاکھ تھی اور 1998ء میں ان کی اور ان کی اولاد کے اثاثوں کی مالیت ایک کروڑ 8 لاکھ ہو گئی۔ نیب کے مطابق 2018ء میں شہباز شریف اور ان کے اہل خانہ کے اثاثوں کی مالیت بینامی کھاتے داروں، فرنٹ مین کی وجہ سے 6 ارب کے قریب پہنچ گئی۔ شہباز شریف اور ان کے اہل خانہ نے کرپشن کر کے اس وقت 7 ارب سے زائد کے اثاثے بنا لیے ہیں۔