جائیداد کے تنازعہ پر بیٹے نے شوٹرز کرائے پر لے کر باپ کو قتل کروا دیا

پولیس نے عدنان کو حراست میں لیا تو ملزم نے پولیس کے سامنے اعتراف جُرم کر لیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 15 جنوری 2021 17:43

جائیداد کے تنازعہ پر بیٹے نے شوٹرز کرائے پر لے کر باپ کو قتل کروا دیا
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15 جنوری 2021ء) : صوبائی دارالحکومت لاہور میں بیٹے نے جائیداد کے تنازعہ پر کرائے کے شوٹرز سے باپ کو قتل کروادیا۔ تفصیلات کے مطابق چند ماہ قبل رمضان نامی تاجر کو چوہنگ میں واقع گھر میں ہی نا معلوم افراد نے قتل کیا تھا ۔ رمضان کے قتل کا مقدمہ اس کے بیٹے عدنان کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج سے مدد حاصل کی، تو مقتول کے بیٹے عدنان کی حرکات مشکوک لگیں ۔

پولیس نے عدنان کو حراست میں لیا تو اس نے اپنی سفاکیت کی قلعی خود ہی کھول دی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم عدنان نے اپنے والد کو شوٹرز کی مدد سے قتل کروانے کا اعتراف کر لیا۔ عدنان نے بتایا کہ اُس نے جائیداد کی خاطر اپنے والد کو شوٹرز کی مدد سے قتل کروایا ۔

(جاری ہے)

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم عدنان سے ابتدائی تفتیش کے مطابق عدنان نے دو شوٹرز کو 12 لاکھ روپے پر رمضان کو قتل کرنے پر راضی کیا اور ان کو پانچ لاکھ ایڈوانس ادا کیے اور باقی رقم والد کو قتل کیے جانے کے بعد ادا کی۔

پولیس نے عدنان کی نشاندہی پر دونوں شوٹرز کو بھی گرفتار کر لیا ہے ۔ سی آئی اے اقبال ٹاون کے مطابق ملزمان سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا ۔ ملزمان نے عدنان کے والد کو قتل کرنے کے لیے 35 ہزار روپے کا پستول خریدا تھا اور اس سے پہلے بھی رمضان کو مارنے کی کوشش کی لیکن کامیاب نہیں ہو سکے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ زیر حراست ملزمان سے مزید تفتیش بھی کی جا رہی ہے۔

ملزمان کے خلاف نیا مقدمہ درج کر کے ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی جس کے بعد عدنان سمیت تینوں ملزمان کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ آج کل کے دور میں جائیدادوں پر ہونے والے تنازعے قتل و غارت پر آ کر ہی انجام پاتے ہیں ، لیکن سفاکیت اور خون سفید ہونے کی انتہا یہاں تک آن پہنچی ہے کہ جائیداد جیسی چیز کے لیے ایک شخص نے اپنے ہی باپ کو قتل کروا دیا اور پھر اس گھناؤنے جُرم کا اعتراف بھی کر لیا۔ اس طرح کے واقعات افسوسناک اور قابل مذمت ہیں۔