اپوزیشن نے اقتدار میں ہوتے ہوئے قومی اداروں کو تباہ کیا ،اب اداروں کا گھیرائوکر رہی ہے‘ میاں اسلم اقبال

عوام نے اپوزیشن کا ہر منفی ہتھکنڈا اور ترقی کیخلاف سازش کو ناکام بنایا،ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی گھٹیا سیاست ناکام ہوگی اپوزیشن کو اپنا غیر جمہوری اور منفی رویہ ترک کر دینا چاہیے،2023 میں اس کی منفی سیاست ہمیشہ کیلئے دفن ہوجائے گی‘ صوبائی وزیر

پیر 18 جنوری 2021 20:05

اپوزیشن نے اقتدار میں ہوتے ہوئے قومی اداروں کو تباہ کیا ،اب اداروں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2021ء) صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے اقتدار میں ہوتے ہوئے قومی اداروں کو تباہ کیا اب اداروں کا گھیرائوکر رہی ہے،پاکستان کے باشعور عوام نے اپوزیشن کا ہر منفی ہتھکنڈا اور ترقی کے خلاف سازش کو ناکام بنایا،ہر محاذ پر شکست کے بعد اپوزیشن کو اپنا غیر جمہوری اور منفی رویہ ترِک کر دینا چاہیے،2018 کے انتخابات میں عوام نے لٹیروں سے اقتدار چھینا اور 2023 میں ان کی منفی سیاست ہمیشہ کیلئے دفن کردیں گے۔

صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے ان خیالات کا ظہار اپنے کیمپ آفس میں پارٹی ورکرز کے وفد سے ملاقات گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے کہا کہ عوام کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال کرسیاسی دکان چمکانے میں ناکامی پر اپوزیشن مایوسی کا شکار ہے۔

(جاری ہے)

اپوزیشن کی ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی گھٹیا سیاست ناکام ہوگی۔

تیزی سے آگے بڑھتا ہوا پاکستان پی ڈی ایم کو گوارا نہیں۔قوم کورونا وبا سے لڑ رہی ہے اور اپوزیشن اپنی لوٹی ہوئی دولت بچانے کے لئے فکر مند ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیٹرے یادرکھیں،اب ان کی لوٹی ہوئی دولت بچے گی اور نہ ہی سیاست۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ عمران خان نے برسوں کرپشن کے خلاف جنگ کی ہے،کرپٹ ٹولہ عمران خان کے ہوتے ہوئے این آر او کو بھول جائے۔

وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں کرپشن کے خلاف جنگ منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ این آر او کے حصول کیلئے قوم کو تقسیم کرنے والوں کی ہر سازش ناکام ہوگی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان قوم کی امید ہیں اور وہ قوم کو مایوس نہیں کریں گے۔پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل کی جانب بڑھ رہی ہے۔ میاں اسلم اقبال نے کہا کہ پارٹی کارکن قیمتی اثاثہ ہیں، ترقی کے عمل میں ان کی آرا ء اور تجاویز کو پوری اہمیت دی جارہی ہے۔