متحدہ عرب امارات نے اسرائیل سے طے پانے والے ویزا فری معاہدہ معطل کردیا

کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث اسرائیلی شہریوں کے ویزا فری داخلے پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا ہے. اماراتی وزارت خارجہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 19 جنوری 2021 15:41

متحدہ عرب امارات نے اسرائیل سے طے پانے والے ویزا فری معاہدہ معطل کردیا
دبئی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔19 جنوری ۔2021ء) متحدہ عرب امارات نے اسرائیل سے طے پانے والے ویزا فری معاہدے کو معطل کردیا ویزا فری معاہدہ یکم جولائی 2021 تک معطل رہے گا . متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث اسرائیلی شہریوں کے ویزا فری داخلے پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا ہے.

انہوں نے کہا کہ یکم جولائی تک صورتحال کو دیکھا جائے گا جس کے بعد ویزا فری معاہدے پر دوبارہ عملدرآمد کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ ہوگا اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان 13 اگست 2020 کو امن معاہدہ ہوا تھا.

(جاری ہے)

معاہدے کے بعد جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ یہ تاریخی سفارتی پیشرفت مشرق وسطیٰ کے خطے میں امن کو آگے بڑھائے گی معاہدے کے تحت متحدہ عرب امارات نے اسرائیلی شہریوں کے لیے ویزا فری انٹری کا اعلان کیا تھا جس کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان شہریوں کی آمد ورفت کے حوالے سے معاہدہ طے پایا تھا.

اعلامیے میں کہا گیا تھاکہ یہ معاہدہ تینوں راہنماﺅں کی جرات مندانہ سفارت کاری اور وژن کے باعث ممکن ہوسکا ہے اعلامیہ میں بھی کہا گیا تھا کہ یہ ایک ایسا راستہ ہے جس سے ایک نیا راستہ وضع کیا جاسکتا ہے، جو خطے بڑی صلاحیت کو کھول دے گا. امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ایک ٹوئٹ میں کہا کہ اسرائیل اور یو اے ای میں تاریخی امن معاہدہ ہوگیا اسرائیل اور عرب امارات کے وفود اگلے ہفتے ملیں گے.

شیخ محمد بن زایدالنہیان نے ایک ٹوئٹ میں کہا تھاکہ صدر ٹرمپ اور وزیراعظم نیتن یاہو کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو ہوئی ہے شیخ محمدبن زایدالنہیان نے تحریر کیا تھا کہ اسرائیل مغربی کنارے کے مزید علاقوں کو اپنے ساتھ شامل نہیں کرے گا متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان سفارتی تعلقات قائم کرنے پر بھی اتفاق ہواتھا.