یکم فروری سے شروع ہونے والی ٹائیفائیڈ بخار سے بچا کی ویکسی نیشن مہم کی کامیابی کیلئے تمام طبقات کا تعاون ناگزیر ہے،ڈپٹی کمشنرفیصل آباد

منگل 19 جنوری 2021 16:20

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2021ء) فیصل آباد کے ڈپٹی کمشنر محمد علی نے کہاہے کہ یکم فروری سے شروع ہونے والی ٹائیفائیڈ بخار سے بچا کی ویکسی نیشن مہم کی کامیابی کیلئے تمام طبقات کا تعاون ناگزیر ہے لہذاا اس ضمن میں جنرل پریکٹیشنرزبھی اپنے حصے کا کردار ادا کریں اور والدین کو اپنی9 ماہ سے 15 سال تک کی عمرکے بچوں کی ویکسی نیشن کرانے کیلئے قائل کریں۔

انہوں نے یہ بات منگل کے روز ڈسٹرکٹ ہیلتھ ڈویلپمنٹ سنٹر میں جنرل پریکٹیشنرزکی تربیتی ورکشاپ کے چھٹے واختتامی سیشن سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہی جس میں اسسٹنٹ کمشنر صدرعمر مقبول، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر بلال احمد،ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر محمد احمد، ہیلتھ ایجوکیشن آفیسر شفیق احمد آصف بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے جنرل پریکٹیشنرز کیلئے ٹریننگ ورکشاپ کے انعقاد کو سراہا اور کہا کہ ٹائیفائیڈ ویکسی نیشن مہم کے اہداف کے حصول کیلئے جامع مائیکروپلان ترتیب دیں تاکہ متعلقہ عمر کا ایک بھی بچہ حفاظتی ٹیکہ سے محروم نہ رہے۔

انہوں نے کہا کہ مہم کی کامیابی کیلئے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے بھرپور معاونت فراہم کی جائے گی۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے بتایا کہ 6 سیشنز پر محیط ٹریننگ میں ضلع بھر کے 180 جنرل پریکٹیشنرز کو تربیت فراہم کی گئی جو اپنے علاقوں میں مزید ڈاکٹرز کو قومی اہمیت اور بچوں کو موذی مرض سے بچا کے ٹیکے لگانے کیلئے آگاہی دیں گے۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ اور یونیسیف کے اشتراک سے 15 فروری تک جاری رہنے والی مہم کے دوران 17 لاکھ بچوں کوحفاظتی ٹیکے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ہیلتھ ایجوکیشن آفیسر نے تربیتی سیشن کے انعقاد کے اغراض ومقاصد اور انسدادٹائیفائیڈ مہم کی اہمیت وافادیت سے آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :