سعودی عرب میں سیکیورٹی اہلکار کا روپ دھارنے والے تین افراد گرفتار

تین مقامی نوجوانوں کی پولیس اہلکاروں کی وردی اور دیگر آلات کے ساتھ سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہوئی تھی، جس کے بعد کارروائی کی گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 21 جنوری 2021 11:48

سعودی عرب میں سیکیورٹی اہلکار کا روپ دھارنے والے تین افراد گرفتار
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔21 جنوری2021ء) سعودی عرب میں پولیس کی جانب سے تین افراد کو سیکیورٹی اہلکاروں کا روپ دھارنے کے جُرم میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ان افراد کی گرفتاری ریاض پولیس کی جانب سے کی گئی۔ ریاض پولیس کے میڈیا ترجمان میجر خالد الکریدیس نے بتایا کہ گرفتار کیے گئے تین نوجوانوں نے پولیس سے ملتے جُلتے یونیفارم اور آلات کے ساتھ ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی تھی، جس وائرل ہونے کے بعد پولیس کی نظروں میں بھی آ گئی۔

اس وڈیو میں تین افراد کے ایک گروہ کو سیکورٹی اہل کاروں کا روپ دھار کر سیکورٹی آلات سے ملتا جلتا سامان استعمال کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ ریاض پولیس نے مذکورہ تینوں افراد کی شناخت کرنے کے بعد انہیں گرفتار کر لیا۔

(جاری ہے)

تینوں نوجوان مقامی شہری ہیں اور ان کی عمریں دوسری اور تیسری دہائی میں ہیں۔ترجمان نے واضح کیا کہ استغاثہ کے سامنے پیش کیے جانے کے سلسلے میں تینوں افراد کے خلاف ضابطے کی کارروائی پوری کر لی گئی ہے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب کے دارالحکومت میں پولیس اور ایک ملزم کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں یرغمال بنایا گیا ایک شخص ہلاک اور دو سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے۔ پولیس نے یرغمال بنانے والے ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا ہے۔پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ منگل کی صبح الریاض کے مشرقی میں المعیزیلہ کالونی میں پیش آیا۔ پولیس نے بتایا کہ ملزم نے اپنی اہلیہ کے بھائی کو یرغمال بنانے اور اسے قتل کی کوشش کی۔

اطلاع پر جائے وقوعہ پر چھاپہ مارا تو ملزم نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔الریاض کے علاقے کے پولیس ترجمان میجر خالد الکریدس نے بتایا کہ منگل کی شب دو بجے پولیس کو اطلاع دی گئی کہ ایک شخص نے اپنے ایک قریبی عزیز کو یرغمال بنا لیا ہے اور وہ اسے قتل کرنا چاہتا ہے۔ پولیس نے المعیزیلہ کالونی میں ایک مکان پر چھاپہ مارا تو ملزم نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی۔ ملزم نے پولیس کو دیکھتے ہی کلاشنکوف سے اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں یرغمال شخص اور دو سیکیورٹی اہلکار جاں بحق ہوگئے۔ ایک اہلکار کو گولیاں لگی ہیں تاہم اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔ اس کے قبضے سے بھاری مقدار میں منشیات بھی برآمد ہوئی ہے۔