ای یو ڈس انفو لیب نے بھارت کا ایک اور جعلی فورم بے نقاب کر دیا

انفو لیب کے بے نقاب کرنے پر فورم کے تمام ڈائریکٹرز مستعفی ہو گئے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 21 جنوری 2021 13:37

ای یو ڈس انفو لیب نے بھارت کا ایک اور جعلی فورم بے نقاب کر دیا
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 جنوری 2021ء) : ای یو ڈس انفو لیب نے بھارت کا ایک اور جعلی فورم بے نقاب کر دیا جس کے بعد فورم کے تمام ڈائریکٹرز مستعفی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی گروپ سری واستوا نے پاکستان کے خلاف عالمی رائے بدلنے کی کوششوں کے سلسلے میں جو جعلی ویب سائٹس اور فورمز بنائے ساؤتھ ایشین ڈیمو کریٹک بھی اس کا حصہ تھا۔ فورم 2011ء میں بنا اور ایک عرصے سے پاکستان کو ہدف بنا رہا تھا۔

فورم تنقیدی پروگراموں کے انعقاد کے لئے لابنگ کرتا آ رہا ہے۔ انفو لیب کے بے نقاب کرنے پر فورم کے تمام ڈائریکٹرز مستعفی ہو گئے، استعفٰی دینے والوں میں اہم رکن کرسٹین فیئر بھی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ بھارت کے ان تمام جعلی فورمز کا بھانڈا پھوٹنے پر پاکستان کے خلاف بھارت کی ہرزہ سرائی اور پراپیگنڈہ کرنے کی سازشیں عالمی سطح پر بھی بے نقاب ہونا شروع ہو گئی ہیں۔

(جاری ہے)

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ یہ پہلی مرتبہ نہیں ہے کہ بھارت کو کوئی جھوٹ بے نقاب ہوا ہو یا کسی جعلی فورم کا بھانڈا پھوٹا ہو۔ اس سے قبل بھی گذشتہ برس دسمبر میں بھارت کی انڈین کرونیکلزای یو کے نام سے پاکستان مخالف ویب سائٹ، برسلز کے تحقیقاتی ادارے ڈس انفولیب نے بھارتی پروپیگنڈا بے نقاب کیا تھا۔ اس فورم کے ذریعے بھی بھارت کئی برسوں سے غلط مواد پر مشتمل خبریں بنا کر یورپی یونین و اقوام متحدہ کو گمراہ کررہا تھا۔

بھارت کی جانب سے غلط خبروں کے ذریعے پاکستان مخالف پروپیگنڈا یورپ میں پھیلایا جاتا تھا۔ حال ہی میں چند روز قبل پلوامہ حملے کے جعلی ہونے سے متعلق انکشاف حال ہی میں بھارتی ٹی وی اینکر ارنب گوسوامی کی لیک ہونے والی چیٹ سے سامنے آیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق مودی سرکار کے قریبی صحافی کو پلوامہ حملے اور بالاکوٹ دراندازی کا پہلے سے علم تھا، بالاکوٹ دراندازی سے تین روز قبل بھارتی صحافی نے حملے کے مارے میں بتایا تھا۔

بھارتی صحافی ارنب گوسوامی کی ٹی وی ریٹنگ اینسی کے سی ای او کی واٹس ایپ چیٹ لیک ہوئیں جن کے مطابق گوسوامی کو بھارت کے اعلیٰ سطح کے فیصلوں کا علم تھا۔ گوسوامی کے کرتوتوں سے بھارت میں اعلیٰ سطح عسکری فیصلوں کا پول کُھل گیا تھا جس کے بعد بھارت کو عالمی سطح پر بھی شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔