تین سال بعد قطر اور مصر سفارتی تعلقات بحال کرنے پر متفق

دونوں ملکوں نے دوبارہ سفارتی رشتے قائم کرنے پر اتفاق کر لیا ہے،مصر ی وزارت خارجہ

جمعرات 21 جنوری 2021 14:42

تین سال بعد قطر اور مصر سفارتی تعلقات بحال کرنے پر متفق
قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2021ء) مصری وزارت خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ قاہرہ اور دوحہ نے تین برس سے جاری اختلافات دور کرتے ہوئے تعلقات بحال کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق اس بارے میں باقاعدہ طور پر اعلان گزشتہ روز کیا گیا۔خلیجی ممالک کے حالیہ اجلاس کے بعد قطر اور مصر نے پہلی بار سفارتی تعلقات دوبارہ شروع کرنے کے اپنے ارادوں سے متعلق ایک دوسرے کو باضابطہ آگاہ کر دیا ۔

سعودی عرب کی قیادت والے عرب ممالک کے اتحاد نے تین برس قبل قطر کا بائیکاٹ شروع کیا تھا۔

(جاری ہے)

ان ممالک نے قطر پر دہشت گردی کی اعانت کرنے جیسے الزامات عائد کیے تھے۔مصر کی وزارت خارجہ نے اعلان کیا کہ دونوں ملکوں نے دوبارہ سفارتی رشتے قائم کرنے پر اتفاق کر لیا ہے۔واضح رہے کہ خلیجی ممالک نے تعلقات کی بحالی کے لیے قطر کے سامنے تیرہ مطالبات رکھے تھے، جن میں الجزیرہ چینل کو بند کرنا، اخوان المسلمون سے تعلقات کو ختم کرنا اور ایران کے ساتھ رشتوں میں کمی کرنا شامل تھا۔قطرنے جو خطے میں امریکی فوج کے سب سے بڑے اڈے کی میزبانی کرتا ہے، ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ بائیکاٹ کا مقصد اس کی سالمیت اور خود مختاری کو نقصان پہنچانا ہے۔