تںخواہوں اور پنشن میں زبردست اضافے کا امکان

آئندہ مالی سال کے بجٹ کے تیاریاں شروع، وفاقی و صوبائی حکومتوں کی جانب سے سرکاری ملازمین کی تنخواہ اور پنشن میں معمول سے زیادہ اضافہ کیے جانے پر غور

muhammad ali محمد علی جمعرات 21 جنوری 2021 21:30

تںخواہوں اور پنشن میں زبردست اضافے کا امکان
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 جنوری2021ء) تںخواہوں اور پنشن میں زبردست اضافے کا امکان، آئندہ مالی سال کے بجٹ کے تیاریاں شروع، وفاقی و صوبائی حکومتوں کی جانب سے سرکاری ملازمین کی تنخواہ اور پنشن میں معمول سے زیادہ اضافہ کیے جانے پر غور۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ ڈیڑھ سال سے تنخواہوں اور پنشن میں کسی بھی قسم کے اضافے سے محروم سرکاری ملازمین کو ریلیف دینے کیلئے وفاقی و صوبائی حکومتوں نے غور و فکر شروع کر دیا ہے۔

تحریک انصاف کی وفاقی، پنجاب اور خیبرپختونخواہ حکومتوں کی جانب سے کرونا بحران کے باعث گزشتہ مالی سال کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کو کوئی ریلیف نہیں دیا گیا تھا، تاہم حال ہی میں ملک بھر کے سرکاری ملازمین کے احتجاج کے بعد وفاقی حکومت تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ کے لئے پے اینڈ پنشن کمیٹی تشکیل دے چکی۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں خیبرپختوںخواہ حکومت نے بھی نئے مالی سال 2021-22کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ کرنے کیلئے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

مختلف محکموں کی جانب سے تجاویز کو حتمی شکل دی کر اگلے مالی سال کا بجٹ تیار کیا جا رہا ہے۔ نئے مالی سال کے بجٹ میں تنخواہوں اور پنشن میں معمول سے زیادہ یعنی 15فیصد تک اضافہ کے امکانات ہیں۔ بعض محکموں کی جانب سے ٹیکسوں میں رد و بدل جبکہ بعض محکموں کی جانب سے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کی تجاویز تیارکی گئی۔ کچھ سرکاری محکموں کی جانب سے ملازمین کی اپ گریڈیشن کے ذریعے ان کی تنخواہوں میں اضافے کی تجاویز دی گئی ہے۔

تاہم وفاقی حکومت کی جانب سے نئے مالی سال کے بجٹ میں تنخواہوں میں اضافہ کرنے کی صورت میں ہی خیبرپختونخوا حکومت بھی تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ کریگی۔ جبکہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کے حوالے سے تیار کردہ تجاویز صوبائی کابینہ کی منظوری کے بعد ہی بجٹ میں شامل کی جائیں گی۔