گیس کے بحران میں کمی کا امکان

حکومت 22 فیصد کم قیمت پر ایل این جی کارگو کا انتظام کرنے میں کامیاب

muhammad ali محمد علی جمعہ 22 جنوری 2021 20:19

گیس کے بحران میں کمی کا امکان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 جنوری2021ء) گیس کے بحران میں کمی کا امکان، حکومت 22 فیصد کم قیمت پر ایل این جی کارگو کا انتظام کرنے میں کامیاب۔ تفصیلات کے مطابق حکومت نے فروری کے لیے مزید ایک ایل این جی سپاٹ کارگو کا انتظام کر لیا۔ اس حوالے سے ترجمان پٹرولیم ڈویژن کے مطابق نیا ایل این جی کارگو پہلے کارگو سے 22 فیصد کم قمیت پر خریدا گیا ہے، اس کارگو کو ملا کر کل 9 ایل این جی کارگوز فروری کے لیے دستیاب ہونگے۔

ترجمان نے کہاکہ پچھلے ایل این جی کارگو کی ڈلیوری ونڈو 49 دنوں کی تھی جبکہ نیا کارگو 35 دنوں میں ترسیل ہو گا، اس سے اس بیانیے کی بھی نفی ہوتی کہ اگر جلدی بولی کر لی جاتی تو ایل این جی سستے داموں ملتی،ایل این جی قیمت درآمد کا انحصار طلب و رسد پر ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

یہاں واضح رہے کہ کچھ روز قبل بین الاقوامی کمپنیوں نے فروری کے لیے بڈنگ کے باوجود ایل این جی سپلائی کرنے سے انکار کردیا جس کے باعث ملک میں گیس کی بد ترین لوڈشیڈنگ اور بحران کا خدشہ پیدا ہو گیا تھا۔

بتایا گیا کہ بین الاقومی مارکیٹ میں ایل این جی گیس کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور شمالی ایشیائی ممالک میں گیس کی طلب میں اضافے کی وجہ سے بین الاقومی سطح پر رسد متاثر ہوئی۔ قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کی وجہ سے بہت سی عالمی کمپنیوں نے اپنی بولی میں بتائی گئی قیمتوں سے انحراف کیا اور چند مقامات پر اپنے معاہدوں سے ہی پیچھے ہٹ گئی ہیں۔ اس تمام صورتحال میں عوام کو گیس بحران سے بچانے کے لیے حکومت اب تک کی سب سے مہنگی قیمت پر بھی گیس خریدنے پر تیارتھی مگر سپلائرز نے اس قیمت پر بھی دینے سے انکارکردیا ۔

گذشتہ کچھ برسوں سے پرائیویٹ سیکٹر ایل این جی درآمد کرنے کی کوششیں کرتا رہا ہے لیکن بیوروکریسی سرکاری اداروں کی اجارہ داری برقراررکھنے کے لیے اسے اجازت دینے کو تیار نہیں ہے تاہم اب جبکہ حکومت کے سارے کنٹریکٹ ناکام ہوگئے تو حکومت نے گیس درآمد کے لیے پرائیویٹ سیکٹر سے اُمیدیں لگا لی ہیں جبکہ اس سلسلے میں متبادل ذرائع سے گیس درآمد کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔