ریاض ائیرپورٹ پر فضائی آپریشن معطل ، پی آئی اے کی پرواز پاکستان کے لیے روانہ نہ ہو سکی

فضائی آپریشن معطل ہونے کے سبب پی آئی اے کی پرواز کو اڑان بھرنے کی اجازت نہیں دی گئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 23 جنوری 2021 15:23

ریاض ائیرپورٹ پر فضائی آپریشن معطل ، پی آئی اے کی پرواز پاکستان کے لیے ..
ریاض (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 جنوری 2021ء) : سعودی عرب کے شہر ریاض میں پی آئی اے کی پرواز کو پاکستان آنے سے روک دیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے شہر ریاض ائیرپورٹ پر اندرون و بیرون ملک جانے والی پروازوں کے لیے فضائی آپریشن نا معلوم وجوہات کی بنا پر معطل کردیا گیا ، معطل فضائی آپریشن کی وجہ سے پی آئی اے کی پرواز بھی پاکستان روانہ نہ ہوسکی۔

پی آئی اے کی ریاض سے پشاور جانے والی پرواز کو روک دیا گیا اور اُڑان بھرنے کی اجازت نہیں دی گئی ۔ مسافروں کو طیارے کے بجائے ایئرپورٹ کے لاؤنج میں بٹھایا گیا۔ روانگی کی منتظر پاکستانی ائیرلائنز میں قومی ایئر کے علاوہ ائیربلیو بھی شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق ائیرپورٹ پر فضائی آپریشن مبینہ طورپر سکیورٹی وجوہات کے باعث معطل کیا گیا ۔

(جاری ہے)

فضائی آپریشن کی بحالی کے حوالے سے تاحال کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ واضح رہے کہ اب سے کچھ دیر قبل سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ایک خوفناک دھماکے کی آواز سُنی گئی تھی۔ اس حوالے سے ایک ویڈیو بھی سامنے آئی جس میں دھماکے کے بعد آسمان پر دھوئیں کا بادل دکھائی دے رہے تھے۔ اس دھماکے کے بعد ریاض میں مقیم افراد میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ، لوگوں کی جانب سے اس دھماکے کے حوالے سے مختلف قیاس آرائیاں بھی کی جا رہی تھیں۔

سوشل میڈیا پر بھی اس بارے میں مختلف تبصرے جاری تھے۔ تاہم سعودی گزٹ کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ ریاض شہر کو خطرناک میزائل سے نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی، تاہم سعودی افواج نے اس میزائل کو ہدف پر پہنچنے سے قبل ہی فضا میں تباہ کر دیا ہے، جس کی وجہ سے یہ خوفناک دھماکہ ہوا اور آس پاس کے علاقے لرز اُٹھے ہیں۔ اخبار کے مطابق ریاض کو تخریب کاری کا نشانہ بنانے کے لیے یہ میزائل داغا گیا تھا، تاہم مستعد سعودی افواج نے اس میزائل کو ہدف پر پہنچنے سے پہلے ہی فضا میں تباہ کر ڈالا، جس سے تباہی کی نوبت نہیں آئی۔

واضح رہے کہ سعودی عرب کو گزشتہ کئی سال کے دوران یمن کی حوثی ملیشیا کی جانب سے کئی بار ڈرونز اور میزائل حملوں سے نشانہ بنانے کی کوشش کی جا چکی ہے۔