لندن کی ثالثی عدالت نے شریف فیملی کو کلین چٹ دی ہے، حسین نواز

جج سرانتھونی نے فیصلے میں لکھا کہ شریف فیملی کیخلاف کوئی چیز سامنے نہیں آسکی، اسلام آباد میں پروپیگنڈے کا کارخانہ لگا ہوا ہے، چیلنج کرتا ہوں ثبوت پیش کریں، سابق وزیر اعظم نوازشریف کے صاحبزادے کا ردعمل

ہفتہ 23 جنوری 2021 23:43

لندن کی ثالثی عدالت نے شریف فیملی کو کلین چٹ دی ہے، حسین نواز
لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 جنوری2021ء) قائد ن لیگ اور سابق وزیراعظم نوازشریف کے صاحبزادے حسین نوازنے کہا ہے کہ لندن کی ثالثی عدالت نے شریف فیملی کو کلین چٹ دے دی ہے، جج سرانتھونی نے فیصلے میں لکھا کہ شریف فیملی کیخلاف کوئی چیز سامنے نہیں آسکی، اسلام آباد میں پروپیگنڈے کا کارخانہ لگا ہوا ہے، چیلنج کرتا ہوں ثبوت پیش کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے براڈشیٹ سے متعلق حکومتی بیانات پر اپنے ردعمل میں کہا کہ ثالثی عدالت کے جج سرانتھونی ایونزکا فیصلہ سمجھنے کیلئے پڑھنا ضروری ہے، جج نے فیصلے میں لکھا کہ نوازشریف یا ان کے خاندان کے افراد کیخلاف کوئی چیز سامنے نہیں آسکی۔جج کے یہ ریمارکس شریف خاندان کیلئے کلین چٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے مخالفین جب بھی کسی غیرجانبدار فورم پر گئے ان کو منہ کی کھانا پڑی۔

جلسوں میں بڑے بڑے دعوے کرنے والوں کو چیلنج کرتا ہوں ثبوت پیش کریں۔اسلام آباد میں جھوٹ اور پروپیگنڈے کا کارخانہ لگا ہوا ہے۔ ایک ارب ڈالر منتقل کرنے کے دعوے میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس میں عمرا ن خان کیخلاف الیکشن کمیشن کا ایکشن نہ لینا سمجھ سے بالاتر ہے، کابینہ میں شامل کرپٹ وزرا کو کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔