ویکسی نیشن کے باوجود عمر رسیدہ افراد کورونا کا شکار ہوسکتے ہیں، برطانوی ماہرصحت

اتوار 24 جنوری 2021 19:45

ویکسی نیشن کے باوجود عمر رسیدہ افراد کورونا کا شکار ہوسکتے ہیں، برطانوی ..
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2021ء) برطانوی ماہرصحت نے خبردار کیا ہے کہ ویکسین لینے کے باوجود عمر رسیدہ افراد کورونا کا شکار ہوسکتے ہیں۔برطانوی ماہر صحت اور ڈپٹی چیف میڈیکل افسر پروفیسر وین ٹیم کے مطابق کوئی بھی ویکسین 100 فیصدتک مؤثر نہیں ہوتی اس لیے ویکسین لگنے کے بعد بھی کورونا سے محفوظ رہنے کی کوئی ضمانت نہیں ہے۔

(جاری ہے)

پروفیسر وین ٹیم کے مطابق عمر رسیدہ افراد میں ویکسی نیشن کے بعد مدافعتی نظام مضبوط ہونے میں 3 ہفتے لگ سکتے ہیں اور اس عرصے میں کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کا خدشہ رہتا ہے۔انہوںنے کہاکہ ویکسین لگنے کے 2 سے 3 ہفتے کے دوران وائرس دوسروں میں پھیلانے کا باعث بھی بن سکتے ہیں اس لیے ویکسین لگانے کے بعد بھی لاک ڈاؤن کی پابندیوں پر عمل کرنا چاہیے۔خیال رہے کہ برطانیہ میں کورونا کی نئی قسم کے باعث وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے اور مزید 13 سو سے زائد افراد ہلاک ہوگئے ہیں جس کے بعد کل ہلاکتوں کی تعداد 97 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔