ویکسین لگوانے کے باوجود کورونا ہونے کا خطرہ

لوگوں کو ویکسین لگوانے کے بعد بھی احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ہوگا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 25 جنوری 2021 12:07

ویکسین لگوانے کے باوجود کورونا ہونے کا خطرہ
برطانیہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 جنوری 2021ء) : عالمی وبا کورونا وائرس نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں لوگوں کو متاثر کیا ۔ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ویکسین تیار کی جا رہی ہے لیکن ویکسین لگوانے کے باوجود کورونا وائرس ہونے کا خدشہ برقرار رہتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس سے متعلق برطانوی ڈپٹی چیف میڈیکل آفیسر پروفیسر جوناتھن نے خدشہ ظاہر کیا کہ عمر رسیدہ افراد میں ویکسینیشن کے بعد معدافتی نظام مضبوط ہونے میں 3 ہفتے لگ سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی ویکسین لینے کے باوجود بھی وائرس ہونے کا خدشہ رہتا ہے۔ پروفیسر جوناتھن کا کہنا تھا کہ ایسے افراد ویکسین لگوانے کے باوجود وبا پھیلانے کا موجب بن سکتے ہیں۔ اُنہوں نے یہ بھی کہا لوگوں کو ویکسین لگوانے کے بعد بھی احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے علاج کے لیے مختلف ویکسینز پر بھی کام ہو رہا ہے تاہم پبلک ہیلتھ انگلینڈ کی حالیہ تحقیق میں کچھ اہم انکشافات ہوئے تھے۔

پبلک ہیلتھ انگلینڈ کی حالیہ تحقیق کے مطابق جو لوگ کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے بعد صحیتاب ہو جاتے ہیں اُن میں وقوت مدافعت کسی ویکسین کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہوتی ہے۔ تحقیق کے مطابق کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے والے شہریوں میں پانچ ماہ کے بعد قوت مدافعت ٹھیک اُسی طرح موجود تھی جیسے کسی ایسے شہری میں جس نے آکسفورڈ ویکسین یا فائزر ویکسین لگوائی ہو۔

جس کا مطلب ہے کہ کورونا وائرس کو ایک مرتبہ شکست دینا اس وائرس کے خلاف انسانی جسم میں پہلے سے زیادہ قوت مدافعت پیدا کر دیتا ہے۔ یہ تحقیق لندن میں سو سے زائد مختلف مقامات پر بیس ہزار سے زائد ہیلتھ ورکرز پر کی گئی تھی۔ واضح رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب دنیا میں 9 کروڑ 97 لاکھ 71 ہزار سے زائد افراد متاثر اور 21 لاکھ 38 ہزار 965 اموات ہو چکی ہیں۔ دنیا میں کورونا کے 7 کروڑ 17 لاکھ 45 ہزار سے زائد مریض صحتیاب ہوچکے اور 2 کروڑ 58 لاکھ 86 ہزار سے زائد زیر علاج ہیں۔