Live Updates

مریم نواز کی سربراہی کیخلاف ن لیگ میں بڑی بغاوت کا عندیہ

مسلم لیگ میں اکثریت مذہبی لوگوں کی ہے، وہ عورت کی حکمرانی قبول نہیں کریں گے، پارٹی کے کئی اراکین اس وجہ سے پارٹی کو خیرباد کہہ دیں گے، ناراض لیگی ایم پی اے کا دعویٰ

Shehryar Abbasi شہریار عباسی بدھ 27 جنوری 2021 21:12

مریم نواز کی سربراہی کیخلاف ن لیگ میں بڑی بغاوت کا عندیہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 27 جنوری2021ء) مسلم لیگ ن کے ناراض رکن پنجاب اسمبلی اشرف انصاری نے دعویٰ کیا ہے کہ پارٹی کے کئی اراکین عورت کی حکمرانی کے حق میں نہیں ہیں، اگر مریم نواز پارٹی کی قیادت کرتی رہیں تو کئی اراکین پارٹی کو خیرباد کہہ دیں گے ۔ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں سینیئر صحافی عارف حمید بھٹی سے گفتگو کرتے ہوئے اشرف انصاری نے کہا کہ میں ایک مذہبی شخص ہوں، اور میں عورت کی حکمرانی قبول نہیں کرسکتا ۔

انہوں نے کہا کہ’مسلم لیگ بنیادی طور پر قائداعظم کی جماعت ہے۔ اس لیے پاکستان کا ایک بڑا مذہبی طبقہ مسلم لیگ کو مذہبی جماعت سمجھ کر اس کے ساتھ کھڑا ہے اور میں بھی ان میں شامل ہوں۔‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’بہت سارے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کا مذہبی پس منظر ہے۔

(جاری ہے)

وہ کسی صورت میں عورت کی حکمرانی اور مداخلت پسند نہیں کرتے۔ اگر مریم نواز اسی طرح پارٹی کے معاملات اپنے ہاتھ میں لیتی رہیں تو تو بہت سارے ارکان پارٹی کو خیرباد کہہ دیں گے۔

اشرف انصاری نے مزید کہا کہ مسلم لیگ کے لوگ ملک و قوم کے وفادار ہیں، اس لیے وہ کسی طور پاک فوج یا کسی ادارے کیخلاف نہیں جائیں گے ۔ واضح رہے کہ گوجرانوالہ کی انصاری فیملی کے ارکان مسلم لیگ نواز کے ٹکٹ پر پنجاب اور قومی اسمبلی کے ارکان منتخب ہوتے رہے ہیں مگر اسٹیبلشمنٹ مخالف بیانیہ کے بعد انصاری برادران نے پارٹی پالیسی سے انحراف کیا ہے اور جب گوجرانوالہ میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا پہلا جلسہ ہونے والا تھا تو انصاری برادران نے اس کو روکنے کیلئے کاؤنٹر جلسہ کرنے کی بھی کوشش کی مگر انہیں اجازت نہ ملی تھی ۔

اشرف انصاری اور جلیل شرقپوری نے نواز شریف کی جانب سے اداروں پر تنقید اور فوج مخالف بیانیہ اپنانے پر پارٹی بیانیے سے انحراف کیا تھا۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات