49 فیصد پاکستانی کورونا ویکسین لگوانے کے مخالف، گیلپ نے سروے نتائج جاری کردیے

اگر کورونا ویکسین دستیاب بھی ہوئی تو صرف 38 فیصد پاکستانی ویکسین لگوائیں گے ، بڑی تعداد میں پاکستانی کورونا ویکسین لگوانے کے مخالف، 13 فیصد پاکستانی چینی ویکسین لگوانے کے حامی

Shehryar Abbasi شہریار عباسی بدھ 27 جنوری 2021 23:23

49 فیصد  پاکستانی کورونا ویکسین لگوانے کے مخالف، گیلپ نے سروے نتائج ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین - 27 جنوری 2021ء) حکومت کی جانب سے کورونا ویکسین کی منظوری کے بعد بھی 49 فیصد پاکستانی کورونا ویکسین لگوانے کے مخالف ہیں ۔ گیلپ سروے کے مطابق 49 فیصد پاکستانیوں کا کہنا ہےکہ وہ کورونا وائرس کی ویکسین دستیاب ہونے کے باوجود اسے نہیں لگوائیں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گیلپ پاکستان نے عوام کی آراء پر مبنی نیا سروے جاری کردیا ہے، جس میں ملک بھر سے 1 ہزار سے زائد افراد نے حصہ لیا ، یہ سروے 24 دسمبر 2020 سے 15 جنوری 2021کےدرمیان کیا گیا ۔

گیلپ سروے کے مطابق 49 فیصد پاکستانی کورونا کی ویکسین دستیاب ہونے کے باوجود اسے لگوانے کا ارادہ نہیں رکھتے جب کہ 38 فیصد نے ویکسین لگوانے کا ارادہ ظاہر کیا۔ جس کے بعد گیلپ پاکستان نے عوام سے سوال کیا کے وہ کس ملک کی کورونا ویکسین لگوانے کو ترجیح دیں گے ؟ جواب میں 31 فیصد نے ملکی سطح پر تیار کی گئی ویکسین لگوانے کو ترجیح دینے کا کہا اور 19 فیصد نے کہا کے وہ حکومت کی تجویز کردہ ویکسین لگوائیں گے، 13 فیصد نے چین سے درآمد کردہ ویکسین ، 4 فیصد نے امریکا یا یورپ سے درآمد شدہ ویکسین، جب کہ 1 فیصد نے روسی ویکسین لگوانے کو ترجیح دینے کا کہا۔

(جاری ہے)

5 فیصد نے کہا کے انہوں نے ابھی اس بارے میں فیصلہ نہیں کیا، جب کہ 4 فیصد نے کہا ان کے پاس ابھی اس بارے میں فیصلہ کرنے کےلیے مکمل معلومات نہیں ہیں۔ گیلپ پاکستان کے مطابق سروے میں دیکھا گیا کے 81 فیصد افراد کویڈ 19 کے بارے میں معلومات کے لیے سب سے زیادہ اعتمادطبی ماہرین پر کرتے ہیں، 77 فیصد فیملی اور دوستوں پر ، 58 فیصد وفاقی حکومت پر جب کہ 52 فیصد میڈیا پر کورونا وائرس کے بارے میں دستیاب معلومات پر یقین رکھتے ہیں ۔