عائشہ گلالئی کی سالوں بعد انٹری ، عمران خان پر بے جا تنقید کی

یہ اسٹیج سیاست کے لیے نہیں ہے۔ عائشہ گلالئی کو مزید تقریر کرنے سے روک دیا گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 11 فروری 2021 17:11

عائشہ گلالئی کی سالوں بعد انٹری ، عمران خان پر بے جا تنقید کی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11 فروری 2021ء) : پاکستان تحریک انصاف کی منحرف رکن عائشہ گلالئی کی سالوں بعد انٹری ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق عائشہ گلالئی نے اسلام آباد میں احتجاج کرنے والے سرکاری ملازمین کے مظاہرے میں شرکت کی اور ملازمین کے حق میں بات کرنے کے ساتھ ساتھ وزیراعظم عمران خان پر بے جا تنقید بھی کی لیکن عائشہ گلالئی کو یہ کہہ کر مزید تقریر کرنے سے روک دیا گیا کہ یہ اسٹیج سیاست کے لیے نہیں ہے۔

سرکاری ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے عائشہ گلالئی نے کہا کہ سرکاری ملازمین پر تشدد کی مذمت کرتی ہوں، حکومت تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ میں حکومت سے کہتی ہوں کہ بلاول اور مریم جو کرپٹ لیڈرز ہیں جب اُن کا جلسہ ہوتا ہے تب تو حکومت کی جانب سے پولیس سے شیلنگ نہیں کروائی جاتی ، تب اُن پر واٹر کینن یا آنسو گیس استعمال نہیں کرتی ۔

(جاری ہے)

تب اسلام آباد پولیس اُن پر حملہ آور نہیں ہوتی۔ عائشہ گلالئی نے کہا کہ وزیراعظم نے کہا کہ جب یہ سارے چور اور کرپٹ اسلام آباد آئیں گے تو ان کے راستے میں رکاوٹ نہ آئے۔ انہوں نے موجودہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آپ نے اُساتذہ پر تشدد کیا ، سرکاری ملازمین پر تشدد کیا ، آپ ہمارے کسانوں اور طالبعلموں کو تشدد کا نشانہ بناتے ہیں۔

آپ ہمارے اس ملک کے ڈاکٹرز، نرسزاور لیڈی ہیلتھ ورکرز کو نشانہ بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے مظاہرین سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایک ہوتی ہے اسلامی حکومت اور ایک ہوتی ہے صرف حکومت ، صرف حکومت جو ہوتی ہے وہ صرف اپنی شان و شوکت ، اپنے مفادات اور اپنے فائدے کے لیے ہوتی ہے۔ اسلامی حکومت جو ہوتی ہے وہ اسلامی ریاست میں بسنے والے عام شہریوں کی فلاح و بہبود کے لیے ہوتی ہے۔ عائشہ گلالئی نے تقریر میں سیاسی باتیں شروع کیں تو انہیں مزید تقریر کرنے سے روک دیا گیا۔ عائشہ گلالئی نے ملازمین سے خطاب میں مزید کیا کہا آپ بھی دیکھیں: