''لڑکیاں اگر سیاست میں آئیں تو مردوں کو آگے لگا کر رکھیں''

معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے تقریب کے دوران لڑکیوں کو پیغام دے دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 23 فروری 2021 14:11

''لڑکیاں اگر سیاست میں آئیں تو مردوں کو آگے لگا کر رکھیں''
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 فروری 2021ء) : وزیراعلٰی پنجاب سردار عثمان بزدار کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے لاہور کی لڑکیوں کو پیغام دے دیا ۔ تفصیلات کے مطابق تعلیمی ادارے میں منعقد کی جانے والی ایک تقریب سے خطاب کے دوران معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ میں یہ کہنا چاہتی ہوں کہ میری بچیاں ، ہماری بیٹیاں ، ریسکیو 1122 میں ہوں، ریڈ کریسنٹ میں ہوں ، گرل گائیڈ ایسوسی ایشن میں ہوں، اسپورٹس میں ہوں ، سیاست میں ہوں، ایجوکیشنسٹ ہوں، انجینئیر ہوں، ڈاکٹر ہوں ، سائنسدان ہوں ، غرض کہ کسی بھی شعبے میں ہوں ، وہ فورسز میں کیوں نہ ہوں، نرسنگ کے شعبے میں ہوں، یا میڈیا میں ہوں، خواتین اور بچیوں نے اپنا لوہا منوایا ہے اور ہمیں آپ پر فخر ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ریاست مدینہ کا جو خواب ہے ، وہ ریاست جس میں حکومت آپ کے حقوق کی محافظ ہو گی ، آپ کے حقوق کو نہ صرف تحفظ دے بلکہ آپ کو دوسرے ممالک کی اقوام کے ساتھ مقابلے کے لیے تیار کرنے کے لیے ایک ایسا ماحول تشکیل دے اور آپ کو ہر طرح کے مواقع دستیاب کریں جہاں آپ کسی سے پیچھے نہ رہیں اور ٹیکنالوجی کے میدان میں ہم آپ کو آگے بڑھتا دیکھیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیں اُمید ہے کہ ہمارے معاشی مسائل بھی ہماری بچیاں ہی ٹھیک کریں گی، ہم نے ویمن ایپاورمنٹ کے ذریعے معاشی محاذ پر ان کو با اختیار بنائیں گے جس سے نہ صرف یہ اپنا بوجھ اُٹھائیں گی بلکہ معاشرے کا بوجھ اُٹھانے کے لیے بھی اپنے کندھے فراہم کریں گی۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ میں گرل گائیڈ ایسوسی ایشن کی مشکور ہوں اور تمام بچیوں کو کہتی ہوں اور تمام بچیوں کو کہتی ہوں کہ میں آپ کو مستقبل کی فردوس عاشق اعوان دیکھنا چاہتی ہوں۔

اور میں یہ دیکھنا چاہتی ہوں کہ میری یہ بچیاں اگر سوشل ورکر ہیں تو سوشل کاذ کے ساتھ کھڑی ہو جائیں ، اگر ایکٹوسٹ ہیں تو اپنے حقوق کے لیے کھڑی ہو جائیں اور اگر ڈاکٹرز ہیں تو اپنی کامیابی کے جھنڈے گاڑیں اور اگر سیاست میں آئیں تو پھر مردوں کو آگے لگا کر رکھیں۔ انہوں نے تقریب میں موجود لڑکیوں کو نصیحت کی کہ وہ کسی شعبے میں اپنے حقوق چھیننے کی کسی سازش کو کامیاب نہ ہونے دیں۔ ڈاکٹر فردوس آپ کے ساتھ کھڑی ہے اور انشاء اللہ آپ کی آواز کو طاقت دیتے ہوئے ہر جگہ آپ کے لیے دعاگو ہوں ۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے مزید کیا کہا آپ بھی دیکھیں: