معیشت کیلئے اچھی خبر، 1.1 ارب ڈالر کا ادھار تیل اور ایل این جی ملنے کا معاہدہ ہوگیا

معاہدے کے تحت اُدھار پٹرول کی سہولت پی ایس او اور پارکو جبکہ ایل این جی پاکستان ایل این جی لمیٹڈ کو ملےگی، پاکستان اور آئی ٹی ایف سی کے درمیان ایک سال کیلئے معاہدہ طے پایا ہے

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 24 فروری 2021 19:12

معیشت کیلئے اچھی خبر، 1.1 ارب ڈالر کا ادھار تیل اور ایل این جی ملنے کا ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 فروری2021ء) پاکستان کو ایک ارب 10کروڑ ڈالر کا ادھار تیل اور ایل این جی ملنے کا معاہدہ طے پاگیا، معاہدے کے تحت اُدھار پٹرول کی سہولت پی ایس او اور پارکو جبکہ ایل این جی پاکستان ایل این جی لمیٹڈ کو ملےگی، پاکستان اور آئی ٹی ایف سی کے درمیان ایک سال کیلئے معاہدہ طے پایا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق رواں سال 2021ٰء میں پاکستان کی معیشت کی ترقی کے حوالے سے بہت اچھی خبر سامنے آئی ہے۔

پاکستان اور انٹرنیشنل ٹریڈ فنانسنگ کارپوریشن(آئی ٹی ایف سی) کے درمیان ادھار تیل اور ایل این جی کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔ آئی ٹی ایف سی رواں سال پاکستان کو 1.1 ارب ڈالرکا ادھار پٹرول اور ایل این جی فراہم کرے گا۔ بتایا گیا ہے کہ معاہدے کے تحت اُدھار پٹرول کی سہولت پی ایس او اور پارکو جبکہ ایل این جی پاکستان ایل این جی لمیٹڈ کو ملےگی۔

(جاری ہے)

مزید برآں معاون خصوصی پٹرولیم بابر ندیم نے گیس مہنگی کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صحافی کے سوال پر کہا کہ ابھی تک گیس مہنگی نہیں کی، لیکن اس حوالے سے اوگرا کی سفارشات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ اگر گیس مہنگی کرنا پڑ گئی تو گیس کی قیمتوں میں معمولی اضافہ کریں گے۔ اسی طرح معاون خصوصی پٹرولیم ندیم بابر نے ایل پی جی انڈسٹری ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات میں یقین دہانی کروائی کہ ایل پی جی نئی پالیسی کی منظوری متعلقہ انڈسٹری کو اعتماد میں اعتماد میں لے کر دی جائے گی۔

اس حوالے سے مشاورت کیلئے چند دنوں بعد اجلاس بھی بلایا ہے۔ دوسری جانب  پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے صوبے کے تین بڑے شہروں ملتان، لاہور اور راولپنڈی کے شہریوں کو پبلک ٹرانسپورٹ کی جانب راغب کرنے کے لئے مذکورہ تینوں شہروں کے باسیوں پر گیسو لین کے نام سے ایک نیا ٹیکس عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں ایک تجویز پنجاب حکومت کو ارسال کردی ہے۔ اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ گیسولین ٹیکس عائد کرنے کی منظوری کے بعد لاہور ملتان اور راولپنڈی کے شہریوں سے پٹرول خریدتے وقت ایک روپے سے دو روپے فی لیٹر گیس لین ٹیکس وصول کیا جائے گا۔