اپنی گاڑیوں اور موٹرسائیکل کیلئے جعلی اور بوگس نمبر پلیٹس، نیلی لائٹس استعمال کرنے والے شہری باز آ جائیں

باقاعدہ کریک ڈاون کا آغاز، کالے شیشوں، غیر نمونہ نمبر پلیٹس والی گاڑیاں ضبط کر لی جائیں گی، مقدمہ بھی درج ہوگا

muhammad ali محمد علی جمعہ 26 فروری 2021 00:42

اپنی گاڑیوں اور موٹرسائیکل کیلئے جعلی اور بوگس نمبر پلیٹس، نیلی لائٹس ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 فروری2021ء) اپنی گاڑیوں اور موٹرسائیکل کیلئے جعلی اور بوگس نمبر پلیٹس، نیلی لائٹس استعمال کرنے والے شہری باز آ جائیں، باقاعدہ کریک ڈاون کا آغاز، کالے شیشوں، غیر نمونہ نمبر پلیٹس والی گاڑیاں ضبط کر لی جائیں گی، مقدمہ بھی درج ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق سی ٹی او لاہور کیپٹن سید حماد عابد نے بتایا ہے کہ شہر میں جعلی اور بوگس نمبر پلیٹس لگانے پر اب چالان کرنے کی بجائے مقدمات درج کیے جائینگے۔

سٹی ٹریفک پولیس کا غیر قانونی طور پر گرین نمبر پلیٹس اور نیلی لائیٹس کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ کریک ڈاون کے دوران پرائیویٹ گاڑیوں پر گرین نمبر پلیٹس لگانے پر 49 ڈرائیورز کیخلاف مقدمات درج، غیر قانونی طور پر نیلی لائیٹ لگانے والوں پر 19 ڈرائیورز کے خلاف ایف آئی آر درج، جعلی اور بوگس نمبر پلیٹس لگاکر مٹر گشت کرنے پر 04 ڈرائیورز کیخلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ غیر نمونہ نمبر پلیٹس پر 04 لاکھ 56 ہزار گاڑیوں کو چالان ٹکٹ جاری کیے گئے ہیں جبکہ بغیر اور اپلائیڈ فار 44 ہزار 137 موٹرسائیکل و گاڑیوں کیخلاف کارروائی کی گئی ہے۔ شہر میں غیر قانونی طور پولیس فلیشر لائیٹس لگانے والوں کیخلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔ سی ٹی او لاہور نے کالے شیشوں والی گاڑیوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم بھی دیا ہے۔

ٹریفک پولیس نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ نمبر پلیٹس پر ٹیمپرنگ، جعلی اور واضح نمبر نہ ہونے پر کوئی عذر قبول نہیں کیا گیا ہے۔ احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف مقدمات درج کرنے کے علاوہ بغیر نمبر پلیٹس موٹرسائیکلوں کو تھانوں میں بند کر دیا جائے گا۔ یہاں یہ واضح رہے کہ لاہور پاکستان کا پہلا شہر تھا جہاں سیف سٹی منصوبے کی مدد سے ای چالان سسٹم متعارف کروایا گیا تھا۔ ای چالان سسٹم کی بدولت شہر میں ٹریفک حادثات اور قوانین کی خلاف ورزی کے کیسز میں واضح کمی آئی۔ اب شہر میں ای چالان سسٹم کو مزید موثر بنانے کیلئے غیر قانونی اور غیر نمونہ نمبر پلیٹس استعمال کرنے والے ڈرائیورز کیخلاف سخت ترین کریک ڈاون شروع کردیا گیا ہے۔