پہلی قائداعظم انٹر ڈویژن ٹیبل ٹینس، ویٹ لفٹنگ اور پاور لفٹنگ چیمپئن شپ میں 324کھلاڑی اور آفیشلز حصہ لیں گے

ٹیبل ٹینس مرد وخواتین کے ایونٹ میں 63،63، ویٹ لفٹنگ مرد میں کل 108 اور پاور لفٹنگ (گرلز) کے ایونٹ میں کل 90کھلاڑی شریک ہونگے

جمعہ 26 فروری 2021 21:58

پہلی قائداعظم انٹر ڈویژن ٹیبل ٹینس، ویٹ لفٹنگ اور پاور لفٹنگ چیمپئن ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 فروری2021ء) سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام2 مارچ سے شروع ہونے والی پہلی قائداعظم انٹر ڈویژن ٹیبل ٹینس، ویٹ لفٹنگ اور پاور لفٹنگ چیمپئن شپ میں پنجاب کے تمام ڈویژنز سے 324کھلاڑی اور آفیشلز حصہ لیں گے، تمام ڈویژنز نے ٹرائلز کے بعد کھلاڑیوں کا انتخاب کرلیا ہے، ٹیبل ٹینس(مرد وخواتین) کے ایونٹ میں ہر ڈویژن سے 5,5کھلاڑی اور 2،2آفیشلز، ویٹ لفٹنگ (مرد) کے ایونٹ میں ہر ڈویژن سے 10کھلاڑی اور 2آفیشلز، پاور لفٹنگ (خواتین) کے ایونٹ میں ہر ڈویژن سے 8کھلاڑی اور 2آفیشلز حصہ لیں گے،اس طرح ٹیبل ٹینس (مرد وخواتین) کے ایونٹ میں 63،63، ویٹ لفٹنگ (مرد) میں کل 108 اور پاور لفٹنگ (گرلز) کے ایونٹ میں کل 90کھلاڑی حصہ لیں گے۔

(جاری ہے)

چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب 2 مارچ کو نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں ہوگی۔ لاہور ڈویژن نے پاور لفٹنگ(خواتین) کی ٹیم کا انتخاب کرلیا ہے ،کھلاڑیوں کے ٹرائلز پنجاب یونیورسٹی وومن سنٹر بالمقابل ایم او کالج ہوئے،47کلوگرام کیٹیگری میں سویرا فاروق ،52کلوگرام میں کومل برکت، 57کلوگرام میں صاعقہ ندیم، 63کلوگرام میں سارہ شاہد، 69کلوگرام میں ایمن شہباز، 76کلوگرام میں رامیشا عادل، 84کلوگرام میں علیشبا شہزاد اور 84کلوگرام پلس میں مومنہ ارشد شامل ہیں۔