انتظار کی گھڑیاں ختم، پاکستان تا استنبول ٹرین سروس کے آغاز کی تاریخ کا اعلان

اسلام آباد، تہران اور ترکی کے درمیان کارگو ٹرین سروس کا آغاز 4 مارچ سے ہوگا، منصوبے کے ذریعے پاکستان کی بذریعہ ریلوے ٹریک یورپ تک رسائی ممکن ہو جائے گی

muhammad ali محمد علی اتوار 28 فروری 2021 00:01

انتظار کی گھڑیاں ختم، پاکستان تا استنبول ٹرین سروس کے آغاز کی تاریخ ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔27 فروری2021ء) انتظار کی گھڑیاں ختم، پاکستان تا استنبول ٹرین سروس کے آغاز کی تاریخ کا اعلان، اسلام آباد، تہران اور ترکی کے درمیان کارگو ٹرین سروس کا آغاز 4 مارچ سے ہوگا، منصوبے کے ذریعے پاکستان کی بذریعہ ریلوے ٹریک یورپ تک رسائی ممکن ہو جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان نے خطے میں تجارتی روابط بڑھانے کیلئے انتہائی اہم فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان نے ترکی اور ایران کیساتھ مل کر تینوں ممالک کے درمیان ٹرین سروس آپریشنل کرنے کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ تینوں ممالک نے اسلام آباد، تہران، استنبول کارگو ٹرین سروس کی بحالی کیلئے اتفاق کیا ہے جس کے بعد سروس اگلے ماہ آپریشنل کی جائے گی۔ اس حوالے سے گزشتہ برس دسمبر میں استنبول میں اکنامک تعاون تنظیم کی اہم میٹنگ ہوئی تھی جس میں پاکستان، ایران اور ترکی کے ریلوے حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

میٹنگ میں اتفاق طے پایا تھا کہ تینوں ممالک تجارتی روابط بڑھانے کیلئے مارچ 2021 میں اسلام آباد، تہران، استنبول کارگو ٹرین سروس بحال کر لیں گے۔ سروس کی بحالی کیلئے ابتدائی کام بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔ تینوں ممالک کے درمیان موجود ریلوے ٹریک پر متعدد ٹیسٹ رن کیے جا چکے جس کے نتیجے میں معلوم ہوا کہ ٹریک کی حالت زیادی اچھی نہیں ہے۔

تاہم تینوں ممالک نے اتفاق کیا کہ کارگو ٹرین سروس کی بحالی کیلئے ایک دوسرے کے تعاون سے کام کیا جائے گا۔ بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد سے چلنے والی کارگو ٹرین 12 دن کا سفر طے کر کے ترکی کے شہر استنبول پہنچے گی۔ ٹرین اس دوران ساڑھے 6 ہزار کلومیٹر کا سفر طے کرے گی۔ اس کارگو ٹرین سروس کی بحالی سے پاکستان کیلئے زمینی راستے سے یورپ تک کی رسائی ممکن ہو جائے گی۔ جبکہ پاکستان کیلئے وسطی ایشیائی ممالک تک رسائی بھی آسان ہو جائے گی۔ اسلام آباد تا استنبول کارگو ٹرین سروس کی بحالی پاکستان کیلئے معاشی اعتبار سے انتہائی اہم قرار دی جا رہی ہے۔ اس سروس کی بحالی سے پاکستان کی تجارتی سرگرمیوں میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔