بیرونی طاقتیں پاکستان کو اندرونی طور پر کمزور کرنا چاہتی ہیں ، شاہ محمود قریشی

یہ قوتیں ملک کو انتہا پسندی کی طرف لے جانا چاہتی ہیں ، جس کا مقصد پاکستان کے اتحاد اور امن کو پارہ پارہ کرنا ہے ، وزیر خارجہ کی ملتان میں پریس کانفرنس

Sajid Ali ساجد علی اتوار 28 فروری 2021 23:22

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 فروری2021ء) وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے خبردار کیا ہے کہ بیرونی قوتیں ملک کو انتہا پسندی کی طرف لے کر جانا چاہتی ہیں ، جس کے ذریعے سے یہ طاقتیں پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوششیں کررہی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اپنے آبائی شہر ملتان میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت پاکستان کو ایف اے ٹی ایف میں بلیک لسٹ کرنے کی کوششوں میں ناکام رہا ، جب کہ ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا گیا ، جس کے باعث انشاء اللہ پاکستان بہت جلد گرے لسٹ سے بھی نکل جائے گا تاہم بیرونی طاقتیں پاکستان کو اندرونی طور پر کمزور کرنا چاہتی ہیں ، یہ قوتیں ملک کو انتہا پسندی کی طرف لے جانا چاہتی ہیں ، جس کا مقصد پاکستان کے اتحاد اور امن کو پارہ پارہ کرنا ہے ، لیکن ہمیں ایسی قوتیں سے بچنا ہوگا اور ان کا راستہ روکنا ہوگا ، وزیراعظم عمران خان ہر عالمی فورم پر دین کی خدمت کررہے ہیں، اللہ نے موقع دیا ہے اسلام کی سربلندی کے لیے آواز بلند کررہے ہیں ، پہلی بار کسی سربراہ مملکت نے اسلامو فوبیا رجحانات کے خلاف آواز بلند کی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اسلامی دنیا کےعظیم لیڈر کے طور پرسامنے آرہے ہیں ، 74 سال میں پہلی بار کسی سربراہ مملکت نے عالمی ایوانوں میں اسلام پر بات کی ، ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں پر ہم نے آواز بلند کی ، پہلی بار کسی سربراہ مملکت نے عالمی ایوانوں میں اسلام پر بات کی ، اس کے علاوہ عمران خان کرپشن کے خاتمے ، ملک میں نظام کی شفافیت اور تبدیلی کے لیے بھی پرعزم ہیں ، یہی وجہ ہے کہ حکومت سینیٹ میں اوپن بیلٹ کرکے شفاف نظام کی بنیاد رکھنا چاہتی ہے۔