تلہار،آباد گاروں کی جانب سے آبپاشی عملے کے خلاف قومی شاہراہ پر دھرنادیاگیا

جمعرات 4 مارچ 2021 16:47

تلہار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مارچ2021ء) تلہار میں آباد گاروں کی جانب سے آبپاشی عملے کے خلاف قومی شاہراہ پر دھرنادیاگیا، جس کے نتیجے میں ٹریفک معطل ہوگئی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق محکمہ آبپاشی کے عملے کے خلاف سیکڑوں آبادگاروں نے حیدرآباد روڈ پر میرواہ بس اسٹاپ کے قریب شدید احتجاج کیا اور دھرنادیکر روڈ بلاک کردیا، جس کی وجہ سے ٹریفک معطل ہوگئی اور مسافروں کو مشکلات کا سامناکرنا پڑا، اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف تعلقہ تلہار کے صدر سلیم بلوچ ، قومی عوامی تحریک کے امجد لغاری ، مجلس وحدت المسلمین کے شہزاد گاڈھی، سجاد لغاری اور دیگر نے آبادگاروں کے احتجاج کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پھیلی کینال پر گذشتہ دو ماہ سے ایریگیشن کے کرپٹ عملے نے پانی بند کردیا ہے، پانی بند کرنے کا سبب یومیہ بنیادوں پرکینال کے کناروں سے دس ہزار روپے تک کی مٹی نکال کر فروخت کی جارہی ہے، پانی بند ہونے سے ہمارے مویشی بھی پیاسے مر رہے ہیں، آبادگاروں اور سیاسی ، سماجی رہنماوں نے وزیر اعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر پھیلی کینال کو پانی فراہم کیا جائے، دوسری صورت میں قومی شاہراہ بند کردی جائیگی۔