بزدل نہیں مقابلہ کرنا جانتا ہوں، اقتدار کی خاطر خاموش ہو کر نہیں بیٹھوں گا، عہدے کیلئے اپنا مقصد نہیں بدل سکتا، وزیر اعظم

بوسیدہ نظام کی تبدیلی میرا مشن ہے، اپوزیشن کی پیسہ کی سیاست کو بے نقاب کرتا رہوں گا، عمران خان کا پارٹی اجلا س سے خطاب

جمعرات 4 مارچ 2021 17:45

بزدل نہیں مقابلہ کرنا جانتا ہوں، اقتدار کی خاطر خاموش ہو کر نہیں بیٹھوں ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مارچ2021ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میں بزدل نہیں مقابلہ کرنا جانتا ہوں، اقتدار کی خاطر خاموش ہو کر نہیں بیٹھوں گا، عہدے کے لیے اپنا مقصد نہیں بدل سکتا۔ جمعرات کو وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت حکومتی رہنماوں کا اجلاس ہوا، جس میں وفاقی کابینہ ارکان اور نومنتخب سینیٹرز بھی شریک ہوئے، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔

اجلاس میں چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کی حکمت عملی پر غور کیا گیا، اور وزیراعظم عمران خان نے صادق سنجرانی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ چیئرمین سینٹ کے انتخاب میں ہمارے امیدوار ہوں گے۔وزیراعظم نے کہاکہ میں بزدل نہیں مقابلہ کرنا جانتا ہوں، اقتدار کی خاطر خاموش ہو کر نہیں بیٹھوں گا، عہدے کے لیے اپنا مقصد نہیں بدل سکتا، بوسیدہ نظام کی تبدیلی میرا مشن ہے، اپوزیشن کی پیسہ کی سیاست کو بے نقاب کرتا رہوں گا۔

(جاری ہے)

عمران خان نے کہا کہ ملک میں نظام کی تبدیلی کا مشن لے کر آیا ہوں موقف سے پیچھے نہیں ہٹوں گا، میں اگر نظریہ پر سمجھوتا کر لوں حکومت کرنا آسان ہو جائے، اداروں کی مضبوطی اور شفافیت یقینی بنانے کیلئے جدوجہد جاری رہے گی۔دوسری جانب وزیراعظم نے اپنا ایک ویڈیو بیان میں جاری کیا ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ مجھے اگر کوئی حکومت جانے کی خبریں دے کر بلیک میل کرنے کی کوشش کرے تو میں پھر بھی ان چوروں اور ڈاکوؤں کو نہیں چھوڑوں گا چاہے میری جان بھی چلی جائے، یہ میرا اپنی قوم سے وعدہ ہے۔

وزیراعظم نے فرط جذبات میں کہا کہ میں نے اللہ سے دعا کی تھی کہ یااللہ مجھے ایک موقع دے، جنہوں نے میرے ملک کے ساتھ یہ سلوک کیا ہے میں انہیں کسی صورت بھی نہیں چھوڑوں گا، یہ لوگ چاہے جتنا شور مچالیں۔عمران خان نے کہا کہ یہ لوگ مجھے جلسوں اور اسمبلیوں میں گالیاں دے رہے ہیں لیکن مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا، کیوں کہ میں وہ شخص ہوں جو ایک لاکھ مخالفین کے سامنے میدان میں اترتا تھا اور وہ سب مجھے برا بھلا کہتے تھے، اپوزیشن کے لوگ تو بہت کم ہیں، میں واضح طور پر بتادوں کہ جس جس نے میرے ملک کو نقصان پہنچایا ان میں سے ایک کو بھی نہیں چھوڑوں گا۔