سربراہ پاک فضائیہ کی سری لنکن وزیر اعظم سے ملاقات

سری لنکن وزیراعظم نے سری لنکا کیلئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کو سراہا ائیر چیف کادونوں ممالک میں بالعموم اور فضائی افواج کے مابین بالخصوص دوستانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کا اعادہ

جمعرات 4 مارچ 2021 23:28

سربراہ پاک فضائیہ کی سری لنکن وزیر اعظم سے ملاقات
کولمبو /اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مارچ2021ء) سربراہ پاک فضائیہ نے سری لنکن وزیر اعظم سے ملاقات کی۔ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان جمعرات کو سرکاری دورے پر سری لنکا پہنچے۔ سربراہ پاک فضائیہ نے سری لنکن وزیراعظم مہندہ راجا پکسا سے ان کے آفس میں ملاقات کی۔ سری لنکن وزیراعظم نے سری لنکا کے لئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کو سراہا۔

انہوں نے ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ حاصل کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ سربراہ پاک فضائیہ نے تکنیکی تربیت اور پیشہ وارانہ مہارت کے شعبوں میں مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے دونوں ممالک میں بالعموم اور فضائی افواج کے مابین بالخصوص دوستانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کا بھی اعادہ کیا۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران ائیرچیف نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے عوام کے درمیان گہرے تاریخی اور ثقافتی روابط ہیں۔

ہم بحرانوں کے علاوہ قومی تہواروں میں بھی ہمیشہ ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ سربراہ پاک فضائیہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سری لنکا کے بہادر عوام کے متاثرکن عزم کو سراہا۔ قبل ازیں سربراہ پاک فضائیہ کی کولمبو ہوائی اڈے آمد پر سری لنکن فضائیہ کے کمانڈر ائیر مارشل سدرشنا کاراگودا پاتھیرانا نے ان کا استقبال کیا۔