مسلم لیگی قائدین پر حملہ قابل مذمت ہے ،نعیم کامران

ہفتہ 6 مارچ 2021 18:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مارچ2021ء) پاکستان مسلم لیگ (ن )کراچی ڈویژن کے انفارمیشن سیکریٹری نعیم کامران نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے ارکان پارلیمنٹرین پر تحریک انصاف کے لوچے لفنگو اور غنڈوں نے مسلم لیگ (ن) کے قائدین پر پریس کانفرنس کے دوران حملہ کیا جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں ۔ اس موقع پر ضلع ملیر کے صدر فیروزخان ، ملک شیر احمد اعوان ، سہیل خان، اسرار خان، ایاز بنگش، ملک احمد، انضار میڈیکل نے کہا ہے کہ وقت ایک جیسا نہیں رہتا ان غنڈوں کو حساب دینا ہوگا تحریک انصاف کے وزیروں اور مشیروں کو گلی کوچوں میں چھپنے کا موقع نہیں ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت کے کارندے ہوش میں آجائیں وہ اپنی ناکامی کو تسلیم کریں اور جس طرح سے مسلم لیگ (ن) کے قائدین پر اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران حملہ کیا ہے وہ ناقابل برداشت ہے اور اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈے مسلم لیگ (ن) اور PDM کو اس ملک کی ترقی اور خوشحالی کی جانب رواں دواں جدوجہد کررہے ہیں ۔

(جاری ہے)

سلیکٹڈ نیازی حکومت کسی بھی صورت میں نہیں روک سکے گی ۔ انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ نیازی حکومت کے اقتدار کے دن پورے ہوگئے ہیں اب وہ اپنا بوریا بستر اٹھائیں اور اپنے گھروں پر چین کی بانسری بجاتے رہیں کیونکہ اس حکومت نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے اور بہت جلد مسلم لیگ (ن) اقتدار میں آکر عوام و ملک کو ترقی کی راہ پر گامز کرینگے۔