پشاور ہائیکورٹ نے وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کے لیے درخواست دائر کرنے والے شخص پر جرمانہ عائد کر دیا

جمعرات 11 مارچ 2021 16:31

پشاور ہائیکورٹ نے وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کے لیے درخواست دائر ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مارچ2021ء) پشاور ہائیکورٹ نے وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کے لیے درخواست دائر کرنے والے شخص پر جرمانہ عائد کر دیا۔وزیراعظم عمران خان کی نااہلی سے متعلق کیس کی سماعت پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس لعل جان اور جسٹس عتیق شاہ پر متشمل بینچ نے کی، وزیراعظم عمران خان کی جانب سے حبیب قریشی ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

عمران خان کے وکیل حبیب قریشی ایڈوکیٹ نے کہا کہ عمران خان اے این 35 بنوں سے دستبردار ہو چکے ہیں، ان کے مؤکل کے خلاف دائر کیس بدنیتی پر مبنی ہے۔حبیب قریشی ایڈووکیٹ کا کہنا تھا درخواست گزار اور ان کے وکیل عدالت میں پیش بھی نہیں ہو رہے۔عدالت نے عدم پیشی پر درخواست گزار پر 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا اور درخواست گزار کو پیش ہونے کے لیے آخری موقع دیتے ہوئے سماعت 18 مارچ تک ملتوی کر دی۔پشاور ہائیکورٹ کا کہنا ہے کہ آئندہ سماعت پر درخواست گزار کے وکیل کی عدم پیشی پر فیصلہ کیا جائے گا۔خیال رہے کہ این اے 35 بنوں کے سابق امیدوار انعام اللہ نے وزیراعظم کی نااہلی کے لیے کیس کر رکھا ہے۔