نیشنل پریس کلب اسلام آباد اور پاکستان سویٹ ہوم کے اشتراک سے معروف گلوکار راحت فتح علی خان کے گائے ہوئے نغمی" سہارا بنیں" ریلیز کرنے کی تقریب کا انعقاد

پیر 22 مارچ 2021 23:21

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مارچ2021ء) نیشنل پریس کلب اسلام آباد اور پاکستان سویٹ ہوم کے اشتراک سے ننھے فرشتوں کیلئے پاکستان کے معروف گلوکار راحت فتح علی خان کے گائے ہوئے نغمی" سہارا بنیں" ریلیز کرنے کی تقریب نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی پاکستان سویٹ ہوم کے پیڑن انچیف زمرد خان (ہلال امتیاز) تھے جبکہ اس تقریب میں نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے صدر شکیل انجم سیکرٹری انور رضا اور پی ایف یو جے کے سابق صدر افضل بٹ،آر آئی یو جے کے صدر عامر سجاد سید،جنرل سیکرٹری طارق علی ورک، معروف اینکر حامد میر، ثمر عباس، علی رضا علوی سمیت دیگر کئی نامور شخصیات نے شرکت کی، تقریب میں سویٹ ہوم کے پیٹرن انچیف زمرد خان کو ان کی خدمات پر آر آئی یو جے کی طرف سے ایوارڈ پیش کیا گیا ایوارڈ صدر عامر سجاد سید اور جنرل سیکرٹری طارق علی ورک نے پیش کیا اس موقع پر اپنے ابتدائی خطاب میں پاکستان سویٹ ہوم کے پیٹرن انچیف زمرد خان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں کہ جس نے مجھے اس خوبصورت مشن کی ذمہ داریوں سے نوازا ہے، قائد صحافت افضل بٹ، صدر این پی سی شکیل انجم اورسیکرٹری انور رضا سمیت پریس کلب کے تمام ساتھیوں کا مشکور ہوں جنہوں نے پریس کلب جیسا پلیٹ فارم مہیا کیا، چند برس قبل کھنہ پل میں ایک بچے کی کفالت سے شروع ہونے والا سفر اب قافلے کا روپ دھار چکا ہے، اللہ کی کرم نوازی ہے کہ جو کچھ سوچتا ہوں وہ پورا ہو جاتا ہے، اب گوجرخان میں ڈھیڑھ ارب روپے کی لاگت سے پہلا کیڈٹ کالج تکمیل کے آخری مراحل میں ہے، میری خواہش ہے کہ پاکستان سویٹ ہوم سے نکلنے کے بعد میرے بچے ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کو لوہا منوائیں، پریس اور میڈیا کی آواز سب سے توانا اور مظبوط آواز ہے، قلم کی طاقت سے انکار ممکن نہیں ہے، پاکستان سویٹ ہوم پاکستان کا منصوبہ ہے، پورے پاکستان میں اس ادارے میں ہزاروں یتیم بچے بہترین طرز زندگی گزار رہے ہیں، راحت فتح علی کو ایک مقامی ہوٹل میں گاتے ہوئے سنا تو انکی آواز کے سحر میں کھو گیا۔

(جاری ہے)

یہ نغمہ باقر سلیم نے لکھا ہے جبکہ پروڈکشن نعمان رؤف کی ہے۔ صدر این پی سی شکیل انجم نے کہا کہ زمرد خان نے جو راستہ چنا وہ انہیں انتہائی بلندیوں پر لے گیا ہے اب ہمیں انہیں دیکھنے کیلئے اپنا سر اونچا کرنا پڑتا ہے، اتنی بڑی تقریب کا پریس کلب میں انعقاد اعزاز کی بات ہے، سیکرٹری این پی سی انور رضا نے کہا کہ زمرد خان کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے این پی سی کو اپنا پارٹنر بنایا، پریس کلب ہر اول دستے کے طور پر ہمیشہ پاکستان سویٹ ہوم کے ساتھ رہے گا، آر آئی یو جے کے صدر عامر سجاد سید نے کہا کہ پاکستان سویٹ ہوم کوئی عام ادارہ نہیں بلکہ اس میں مستقبل میں ہر شعبے کے لیڈر پیدا ہونگے، انہوں نے زمرد خان کی شاندار خدمات کے صلے میں آر آئی یو جے کی طرف سے پہلا ایوارڈ بھی دیا، آل پاکستان اخبار فروش یونین کے تاحیات سیکرٹری جنرل ٹکا خان نے کہا کہ زمرد خان اپنے فرائض بہت احسن انداز میں نبھا رہے ہیں ، انہوں نے اپنی جانب سے پاکستان سویٹ ہوم کیلئے ایک لاکھ روپے کے عطیے کا بھی اعلان کیا، اس نغمے کو پروڈیوس کرنے والے نعمان رئوف نے کہا کہ اس نغمے کی تیاری میں استاد راحت فتح علی کے علاوہ استاد غلام علی، عارف لوہار اور فِ?یلہ قاضی نے بھی بہت مدد کی ہے، انہوں نے اپنے پرڈکشن ہائوس کی سالانہ آمدن میں سے پچاس فیصد پاکستان سویٹ ہوم کو دینے کا اعلان کیا، ممتار سماجی و کاروباری شخصیت ظفر بختاوری نے کہا کہ نغمہ دیکھ کر رونگٹھے کھڑے ہو گئے، زمرد خان کی پاکستان سویٹ ہوم کیلئے خدمات بہت بڑی ہیں، یہ پاکستان کے دوسرے عبدالستار ایدھی ہیں، معروف اینکر ثمر عباس نے کہا کہ میں نے ایک دن سویٹ ہوم کے بچوں کے ہ*ساتھ گزار کر یہ محسوس کیا کہ جن بچوں کا کوئی سرپرست نہیں ہمیں انکا سرپرست بننا چاہیئے اور انکے خوابوں کو عملی جامہ پہنانا چاہیئے، معروف اینکر اور سینئر صحافی علی رضا علوی کا کہنا تھا کہ اس جھوٹ کی دنیا میں اگر سچ پایا تو وہ زمرد خان ہے جو اپنے نام کی طرح کام میں بھی قیمتی اور نایاب ہے، تقریب کے آخر میں پیر عاصم نے کہا کہ زمرد خان چنے ہوئے لوگوں میں شامل ہیں، انہوں نے کہا کہ وہ رنگ آف پاکستان کی آمدن میں سے کچھ حصہ پاکستان سویٹ ہوم کو عطیہ کرنے کی یادداشت پر بہت جلد دستخط کرینگے، انہوں نے تقریب کے آخر میں دعا بھی کرائی، قبل ازیں پاکستان سویٹ ہوم کے کیڈٹ اسلم جان نے تلاوت قرآن پاک جبکہ راشد حسین نے نعت رسول مقبول ? کی سعادت حاصل کی، تقریب کے اسٹیج سیکرٹری کے فرائض قائد صحافت افضل بٹ نے سرانجام دیئے، خیال رہے کہ پاکستان سویٹ ہوم نے اپنے قیام کے بعد انتہائی قلیل عرصے میں پاکستان میں یتیم بچوں کی کفالت میں اپنا ایک منفرد مقام بنا لیا ہے۔