کراچی میں پب جی گیم کی شوقین 17 سالہ لڑکی گیم کھیلتے ہوئے لڑکے کے عشق میں مبتلا ہو کر گھر سے فرار ہوگئی

لڑکا لڑکی پنجاب بھاگنے کی کوشش میں ریلوے اسٹیشن سے پکڑے گئے، راولپنڈی سے تعلق رکھنے والا شیراز دوست کے ہمراہ شفاء کو ساتھ لے جانے کیلئے شہر قائد آیا

muhammad ali محمد علی جمعرات 8 اپریل 2021 18:16

کراچی میں پب جی گیم کی شوقین 17 سالہ لڑکی گیم کھیلتے ہوئے لڑکے کے عشق ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 اپریل2021ء) کراچی میں پب جی گیم کی شوقین 17 سالہ لڑکی گیم کھیلتے ہوئے لڑکے کے عشق میں مبتلا ہو کر گھر سے فرار ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ پب جی گیم کھیلنے کی شوقین 17 سالہ لڑکی شفاء کے مبینہ اغوا کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ مشہور موبائل گیم پب جی گیم کے ذریعے مذکورہ لڑکی کی راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے 2 لڑکوں سے دوستی ہوئی۔

شفاء، شیراز اور اس کا دوست گزشتہ 3ماہ سے آن لائن گیم پب جی کھیل رہے تھے، اسی دوران شفاء اور شیراز ایک دوسرے کو پسند کرنے لگے اور پھر دونوں نے شادی کا فیصلہ کیا۔ شفاء سے شادی کیلئے شیراز اپنے دوست کے ہمراہ کراچی پہنچا اور پھر لڑکی کو گھر سے بھگا کر پنجاب لے جانے کیلئے ریلوے اسٹیشن پہنچ گیا۔

(جاری ہے)

اس دوران بیٹی کے غائب ہونے کے بعد شفاء کے والد نے اغوا کا مقدمہ درج کروایا، جس کے بعد پولیس فوری حرکت میں آئی۔

پولیس کے اینٹی وائلینٹ کرائم سیل نے کاروائی کرتے ہوئے شفاء اور شیراز کو ڈھونڈ نکالا۔ شفاء اور شیراز اپنے دوست کے ہمراہ بذریعہ ٹرین پنجاب کیلئے روانہ ہی ہونے والے تھے جب پولیس نے مصدقہ اطلاعات موصول ہونے کے بعد ریلوے اسٹیشن پہنچ کر تینوں کو پکڑ لیا۔ اس کاروائی کے بعد پولیس نے شفاء کو والدین کے حوالے کر دیا، جبکہ شیراز اور اس کے دوست کو گرفتار کر کے معاملے کی مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔