تحریک انصاف کے متعدد رہنماوں نے ن لیگ سے رابطہ کر لیا

جہانگیر ترین کے عشائیے میں شرکت کرنے والے تحریک انصاف کے آدھے کارکنان نے ن لیگ سے رابطہ کر لیا ، سینئر لیگی رہنما رانا ثناءاللہ

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری ہفتہ 10 اپریل 2021 23:24

تحریک انصاف کے متعدد رہنماوں نے ن لیگ سے رابطہ کر لیا
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 10اپریل 2021) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما رانا ثناءاللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ جہانگیر ترین کے عشائیہ میں جن لوگوں نے کل شرکت کی، اُن میں سے آدھے لوگوں نے ن لیگ سے رابطہ کر لیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق نجی ٹیلی ویژن چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے سینئر رہنما رانا ثناءاللہ نے دعویٰ کیا کہ جہانگیر ترین کے عشائیے میں شرکت کرنے والے تحریک انصاف کے آدھے کارکنان نے ن لیگ سے رابطہ کر لیا ہے ۔

انہوں نے جہانگیر ترین کے حق میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ جہانگیر ترین نے کوئی فراڈ نہیں کیا، اُنہیں پرانے مقدمات میں پھنسایا جا رہا ہے۔ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ جہانگیر ترین کے خلاف پرانے معاملات میں نئے کیسز بنائے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ جہانگیر ترین کو جان بوجھ کر مقدموں میں پھنسایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کی جیت میں جہانگیر ترین کا کوئی کردار نہیں تھا۔ واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے شوگر مافیا کے خلاف کارروائی کے حکم کے بعد پاکستان بھر میں بڑے پیمانے پر کریک ڈاون کیا گیا، اس دوران پی ٹی آئی کے اہم رکن اور عمران خان کے دیرینہ ساتھی سمجھے جانے والے جہانگیر ترین کے خلاف بھی مقدمہ درج کر لیا گیا۔ جہانگیر ترین کے خلاف مقدمہ درج کیے جانے کے بعدوزیراعظم عمران خان اور جہانگیر ترین کے درمیان دوریوں کی خبریں سامنے آئیں۔

یہ بھی خبریں سامنے آئیں کہ جہانگیر ترین نے پیپلزپارٹی اور ن لیگ سے رابطہ کیا ہے یا مذکورہ دونوں جماعتوں نے جہانگیر ترین سے رابطہ کیا ہے، تاہم جہانگیر ترین نے ان تمام خبروں کی تردید کی جبکہ ن لیگ کی جانب سے بھی ان خبروں کی تردید کر دی گئی ہے۔ جہانگیر ترین کے موقف اختیار کیا ہے کہ میں اپنے کپتان کے ساتھ اور اپنے کپتان (وزیراعظم عمران خان) کے حریفوں سے ہاتھ نہیں ملا سکتا۔